QR CodeQR Code

افغانستان کی مذہبی اور لسانی اقلیتوں اور کمزور طبقات کیلئے صورتحال تشویش ناک ہے، پیپلز پارٹی

16 Aug 2021 23:21

سی ای سی ارکان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک کے امن، استحکام اور سلامتی کے لئے پیدا ہونے والے چیلنجز کے لئے باعث تشویش ہے اور پاکستان کو بڑے خطرات لاحق ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ملکی سیاسی صورتحال اور افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹر ایگزیکٹیو کمیٹی کا ہائبرڈ اجلاس پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ سربراہی میں بلاول ہاؤس میں منعقد ہوا۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور، شیری رحمان، نیئر بخاری، فرحت اللہ بابر، راجہ پرویز اشرف، سید قائم علی شاہ، حنا ربانی کھر، سید مراد علی شاہ، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، سلیم مانڈوی والا، نوید قمر، رضا ربانی، تاج حیدر، رحمان ملک سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور سی ای سی کے اراکین نے خطے کی تبدیل ہوتی صورت حال اوراس کے ملک کے مستقبل پر اثرات کے حوالے سے گفتگو کی۔

سی ای سی پارٹی نے افغانستان کی ترقی پذیر صورتحال اور افغانستان کی خواتین، مردوں اور نوجوانوں پر اس کے مضمرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی مذہبی اور لسانی اقلیتوں اور کمزور طبقات کے لئے صورتحال تشویش ناک ہے اور موجودہ صورتحال پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک کے امن، استحکام اور سلامتی کے لئے پیدا ہونے والے چیلنجز کے لئے باعث تشویش ہے اور پاکستان کو بڑے خطرات لاحق ہیں، افغانستان کی موجودہ صورتحال پر سب کو تشویش ہے۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے جمہوری افغانستان کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے تمام شہریوں اور طبقات کے حقوق کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے اور تمام طبقات کو آزادانہ طور پر حقوق کے تحفظ کے ساتھ آزادی اظہار کا موقع ملنا چاہیئے۔ سی ای سی نے اس بات پراتفاق کیا کہ ہمیں افغانستان کے معاملے پر نظر رکھنی اور مزید سوچ و بچار کے بعد کسی نتیجہ پر پہنچنا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 948949

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/948949/افغانستان-کی-مذہبی-اور-لسانی-اقلیتوں-کمزور-طبقات-کیلئے-صورتحال-تشویش-ناک-ہے-پیپلز-پارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org