QR CodeQR Code

افغانستان میں الیکشن کا وقت نہیں، سہیل شاہین

20 Aug 2021 11:48

چینی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ چین افغانستان میں امن اور مفاہمت کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ  افغانستان میں ابھی اقتدار کا خلا ہے اس لیے ملک میں سب سے پہلے جامع حکومت کے قیام کی ضرورت ہے۔ چینی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سہیل شاہین نے کہا کہ چین افغانستان میں امن اور مفاہمت کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔ گزشتہ دنوں طالبان کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی جس میں چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہےکہ افغانستان جدید اسلامی پالیسی کو اپنائے گا۔ طالبان ترجمان نے افغانستان کی تعمیر نو کے لیے چین کے تعاون کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔ سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان میں افغانوں پر مشتمل نئی جامع حکومت کے لیے بات چیت جاری ہے، نئی جامع حکومت کے فریم ورک میں تمام افغان زیرغور ہیں اور منتخب کیے جانے والے افغان شخصیات کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں ابھی اقتدار کا خلا ہے اور کسی قسم کے الیکشن کا وقت نہیں جب کہ ملک میں کوئی آئین نہیں لہٰذا نیا آئین تیار کر کے منظور کیا جائے گا، بہت کام ہے جو بعد میں کیے جائیں گے البتہ افغانستان میں سب سے پہلے جامع حکومت کے قیام کی ضرورت ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 949394

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/949394/افغانستان-میں-الیکشن-کا-وقت-نہیں-سہیل-شاہین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org