0
Friday 20 Aug 2021 11:56

افغانستان کی عوام امن چاہتی ہے اور فیصلہ بھی عوام نے کرنا ہے، شاہ محمود

افغانستان کی عوام امن چاہتی ہے اور فیصلہ بھی عوام نے کرنا ہے، شاہ محمود
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امن مخالف قوتیں “اسپائیلرز” کا کردار ادا کرنے کیلئے متحرک ہیں۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر سب کی نظر ہے، سب افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں، کوئی بھی وہاں خونریزی نہیں چاہتا، سب چاہتے ہیں کہ افغان طالبان اور سابقہ حکمران تمام مل بیٹھ کر ایک ایسا سیاسی ڈھانچہ تشکیل دیں جس میں سب کی شمولیت ہو، جو سب کیلئے قابلِ قبول ہو تاکہ معاملات معمول کی جانب بڑھیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ کچھ امن مخالف قوتیں ”تخریب کاری” کا کردار ادا کرنے کیلئے متحرک ہیں، یہ افغان قیادت کی فہم و فراست کا امتحان ہے کہ وہ ان چیلنجز کے ساتھ کیسے نمٹتے ہیں، دنیا دیکھنا چاہتی ہے کہ طالبان جو کہہ رہے ہیں کیا اس پر عمل بھی کر رہے ہیں، دوسرے فریق کو بھی افغانستان کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے، افغانستان کی عوام امن چاہتی ہے اور فیصلہ بھی عوام نے کرنا ہے، جو افغانستان میں نقص امن کا خواہاں ہے وہ افغان عوام کی بہتری نہیں چاہ رہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بارڈرز کی صورتحال پر سب ہمسایہ ممالک کو مل بیٹھ کر سوچنا ہے،  آئندہ چند دنوں میں ہمسایہ ممالک کا دورہ کرنے کا ارادہ ہے تاکہ مشاورت کے ساتھ ایک جامع حکمت عملی وضع کی جا سکے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہئے، ہم نہیں چاہیں گے کہ 90ء کی دہائی کی غلطیاں دہرائی جائیں، ہمارا مقصد افغانستان کی بہتری ہے اور اس مقصد کیلئے ہم کوشاں رہیں گے، ہم افغانستان کی بہتری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان سے پرامن انخلاء کے حامی ہیں اور اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں،  کابل میں تعینات ہمارے سفیر کے بھی مختلف شخصیات کے ساتھ روابط ہو رہے ہیں، پاکستان آئے ہوئے افغان وفد کی مجھ سے اور وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات اور تبادلہ خیال ہوا ہے، سب امن کے خواہاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 949396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش