QR CodeQR Code

مصطفیٰ کمال کا سندھ حکومت کیخلاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

20 Aug 2021 21:09

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ حکومت نے سندھ کے وسائل کو بری طرح سے لوٹ کر آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تاریکیوں میں ڈبونے کی سازش کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ حکومت نے سندھ کے وسائل کو بری طرح سے لوٹ کر آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تاریکیوں میں ڈبونے کی سازش کی ہے، محرم الحرام کے بعد اب صوبہ سندھ میں یزیدی حکومت کے خلاف کراچی سے کشمور تک احتجاجی تحریک شروع کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں، بھرپور عوامی حمایت کے ساتھ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے اپنی جیبیں گرم کرنے والوں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس میں اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کے تحت مختلف طبقوں کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور بھرپور احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے کیلئے مشاورت کی گئی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انسانوں کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر دیا گیا ہے، دنیا چاند پر جانے کی بات کر رہی ہے، ہم تمام تر وسائل ہوتے ہوئے گٹر لائنوں کے مسئلوں سے باہر نہیں آسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جان بچانے والی ادویات کو بھی کرپشن کی نظر کر دیا ہے، صوبے میں نہ علاج کی سہولیات ہیں، نہ تعلیم کی، نہ صفائی کی اور نہ کاروبار کیلئے انفرااسٹرکچر موجود ہے، پاک سرزمین پارٹی ان تمام مسائل کو حل کرکے سندھ کی عوام کو ایک بہترین مستقبل دے گی۔


خبر کا کوڈ: 949477

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/949477/مصطفی-کمال-کا-سندھ-حکومت-کیخلاف-عوامی-رابطہ-مہم-شروع-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org