QR CodeQR Code

سانحہ ماڈل ٹاون کے انصاف کیلئے ہماری کمٹمنٹ پہلے روز جیسی ہے، خرم نواز گنڈاپور

21 Aug 2021 19:10

عوامی تحریک کے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے پی اے ٹی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر انصاف عدلیہ نے دینا ہے اور ہم حصول انصاف کیلئے وکلاء کے ذریعے مسلسل عدالتوں میں حاضر ہو رہے ہیں اور انصاف مانگ رہے ہیں۔ حصول انصاف کیلئے آج بھی ہماری کمٹمنٹ پہلے دن جیسی ہے، سانحہ کے مظلوم اور چشم دید گواہان گواہیوں کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ملزمان غیر ضروری درخواست بازی کر کے تاخیری حربے اختیار کر رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک درخواست جو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا ٹرائل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کی بجائے سول کورٹ میں چلانے کیلئے دی گئی تھی گزشتہ روز عدم پیروی پر خارج کر دی گئی۔ ملزم پارٹی نے اپنی ہی دائر کردہ درخواست پر ایک سال سے زائد عرصہ بحث نہیں کی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم پارٹی کیس کو التواء کا شکار بنانا چاہتی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ فوری انصاف کیلئے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور سے لے کر ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔

انہوں نے عوامی تحریک کے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر انصاف عدلیہ نے دینا ہے اور ہم حصول انصاف کیلئے وکلاء کے ذریعے مسلسل عدالتوں میں حاضر ہو رہے ہیں اور انصاف مانگ رہے ہیں۔ حصول انصاف کیلئے آج بھی ہماری کمٹمنٹ پہلے دن جیسی ہے، سانحہ کے مظلوم اور چشم دید گواہان گواہیوں کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حوالے سے اہم ترین فیصلہ جے آئی ٹی سے متعلق ہے۔ جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ نے کام کرنے سے روک رکھا ہے۔ جے آئی ٹی کی تفتیش سے ہی انصاف کا عمل ٹریک پر آئے گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے مدعی جواد حامد اور سینئر وکیل نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ مزید سماعت 28 ستمبر کو ہو گی۔


خبر کا کوڈ: 949622

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/949622/سانحہ-ماڈل-ٹاون-کے-انصاف-کیلئے-ہماری-کمٹمنٹ-پہلے-روز-جیسی-ہے-خرم-نواز-گنڈاپور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org