0
Saturday 21 Aug 2021 19:45

یوم الغضب کے موقع پر فلسطینی گروہوں کی تل ابیب کو وارننگ

یوم الغضب کے موقع پر فلسطینی گروہوں کی تل ابیب کو وارننگ
اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین کے مختلف اسلامی مزاحمتی گروہوں نے آج یوم الغضب کی مناسبت سے بیانیے جاری کئے ہیں جن میں غاصب صہیونی رژیم کو مستقبل میں مسجد اقصی کی بے حرمتی کی صورت میں شدید نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔ یاد رہے 21 اگست 1969ء کے دن شدت پسند صہیونیوں نے مسجد اقصی کی بے حرمتی کرتے ہوئے اسے نذر آتش کر دیا تھا۔ اس مناسبت سے اسلامک جہاد نے اپنے بیانیے میں کہا: "غاصب صہیونی رژیم نے مختلف صورتوں میں ابھی تک مسجد اقصی کے خلاف مجرمانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صہیونی رژیم اب بھی مسجد اقصی کے نیچے کھدائی اور قدس شریف کو یہودیانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ غاصب صہیونی رژیم کی جانب سے قدس شریف اور مسجد اقصی کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کیلئے انجام پانے والی تمام سازشیں ناکامی کا شکار ہوں گی اور مسجد اقصی کا اسلامی تشخص باقی رہے گا۔"
 
اسی طرح اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس نے بھی اپنے بیانیے میں تاکید کی ہے کہ: "فلسطینی مزاحمت نے جس طرح شمشیر قدس معرکے میں ثابت کر دیا ہے کہ وہ مسجد اقصی کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے اسی طرح مستقبل میں بھی مسجد اقصی کے خلاف شدت پسند صہیونیوں کے مجرمانہ اقدامات برداشت نہیں کرے گی۔ مسجد اقصی ہماری ریڈ لائن ہے اور اس پر انجام پانے والی ہر جارحیت فلسطینی قوم کی شجاعانہ مزاحمت سے روبرو ہو گی۔ یہ قوم اس مسجد کی دوبارہ بے حرمتی کی اجازت نہیں دے گی۔" دوسری طرف فسلطین میں مزاحمتی کمیٹیوں نے بھی مسجد اقصی کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ: "مسجد اقصی پر کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور صہیونی دشمن ہماری کاروائی کی شدت سے بخوبی آگاہ ہے۔" آج مسجد اقصی کو نذر آتش کئے جانے کے افسوسناک اقدام کو 52 برس کا عرصہ بیت چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 949628
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش