QR CodeQR Code

علی اصغر خاجی کا گیئر پیڈرسن کو فون، شام میں انسانی امداد کی جلد از جلد ترسیل پر زور

23 Aug 2021 22:00

ایرانی ڈپٹی وزیر خارجہ نے شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کیساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں شام کیخلاف اقتصادی پابندیوں اور مغربی ممالک کے دباؤ کی شدید مخالفت کی اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران شامی عوام کے سخت حالات زندگی کیجانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ انسانی بنیادوں پر شام بھیجی جانیوالی عالمی امداد کی ترسیل کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ کے سینیئر معاون برائے خصوصی سیاسی امور علی اصغر خاجی نے آج شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیئر پیڈرسن کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں تازہ ترین شامی انسانی، سیاسی و جنگی حالات پر بات چیت کی گئی۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اس گفتگو میں فریقین کی جانب سے، شامی بحران کے پرامن حل کے لئے جنیوا میں شامی آئین ساز کمیٹی کی چھٹی نشست کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا جبکہ علی اصغر خاجی نے اس دوران شام پر عائد ظالمانہ پابندیوں اور دمشق کے خلاف مغربی حکومتوں کے ناجائز دباؤ کی شدید مخالفت کی اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے شامی عوام کے سخت حالات زندگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر شامی عوام کو ارسال کی جانے والی عالمی امداد کی ترسیل کو جلد از جلد ممکن بنانے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اپنی گفتگو کے دوران شامی بحران کے پرامن حل کے لئے انجام دی جانے والی ایرانی کاوشوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایران میں نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد پیش کی اور اس حوالے سے دوطرفہ تعاون کے تسلسل اور اس میں مزید توسیع کی خواہش کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 950002

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/950002/علی-اصغر-خاجی-کا-گیئر-پیڈرسن-کو-فون-شام-میں-انسانی-امداد-کی-جلد-ترسیل-پر-زور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org