QR CodeQR Code

سندھ کے عوام کا ساتھ رہا تو انشاءاللہ سندھ کو ایک مثالی صوبہ بنائیں گے، ارباب غلام رحیم

23 Aug 2021 23:21

کراچی ایئرپورٹ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے اتحادی اور ہم خیال مل کر الیکشن لڑیں گے اور سندھ میں مخالفین کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی کے پولیٹیکل کو آرڈینٹر ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کا ساتھ رہا تو انشاءاللہ سندھ کو ایک مثالی صوبہ بنائیں گے، عوام کے ووٹ کی طاقت سے مافیا کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے، عمران خان ایک بہترین ایماندار سیاستدان ہے جس کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے ملک برے حالات سے نکل کر بہتر حالات کی طرف گامزن ہے، عمران خان کا نیا پاکستان اور تبدیلی کا خواب حقیقت بن رہا ہے، عمران خان کی سرابرہی میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا۔ وہ کراچی ایئرپورٹ پر پیپلز مسلم لیگ کے عہداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے، ارباب غلام رحیم نے کہا کہ وہ ان تمام دوستوں ساتھیوں اور عوام کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ان کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر ویلکم کیا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے ٹنڈو محمد خان میں مخالفین کی طرف سے گری ہوئی حرکت کرنے پر پورا سندھ میری حمایت میں سراپا احتجاج بنا سڑکوں پر نکل کر مخالفین کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام دوستوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے میری پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد بڑے پیمانے پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے اتحادی اور ہم خیال مل کر الیکشن لڑیں گے اور سندھ میں مخالفین کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو خاص طور پر اپنے ساتھیوں ہمددروں عہدیداروں پارٹی میں رہنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ یونین کونسل تحصیل اوراضلاع میں وہاں کے مقامی پی ٹی آئی کی قیادت سے رابطہ کرکے ان کی موجودگی میں پی ٹی آئی میں شامل ہوکر تبدیلی کے قافلے کو آگے بڑھائیں تاکہ ہمارے مخالفین کی نیندیں اڑ جائیں اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوجائیں۔


خبر کا کوڈ: 950013

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/950013/سندھ-کے-عوام-کا-ساتھ-رہا-انشاءاللہ-کو-ایک-مثالی-صوبہ-بنائیں-گے-ارباب-غلام-رحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org