QR CodeQR Code

 افغانستان میں ایمان اور جذبہء حریت کو فتح جب کہ مادی وسائل اور استعمار کو شکست فاش ہوئی، سراج الحق 

24 Aug 2021 01:12

منصورہ سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ افغانستان میں اسلامی حکومت کو تسلیم کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کرے اور امریکہ اور یورپی طاقتوں کی طرف نہ دیکھا جائے۔ یقین ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام آئے گا، مستقبل میں پاک افغان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر مافیاز ملک و قوم کو لوٹ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے احتساب و انصاف کو قبر کھود کر دفن کر دیا۔ وزیراعظم نے قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ ظالم اشرافیہ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ لوگ مہنگائی کی وجہ سے فاقوں مر رہے ہیں، بے روزگاری اور غربت گھر گھر ناچ رہی ہے۔ آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر قرضوں کا حصول ملک کی آزادی و خودمختاری کو گروی رکھنے کے مترادف ہے۔ بیرونی آقاوں کو خوش کرنے کیلئے بنائی گئی معاشی،خارجہ وداخلہ پالیسیاں مملکت کی وحدت اور مضبوطی و استحکام کو تاراج کرسکتی ہیں۔ دورس اثرات کی حامل ملکی مفاد سے ہم آہنگ خارجہ پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔ حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ افغانستان میں اسلامی حکومت کو تسلیم کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کرے اور امریکہ اور یورپی طاقتوں کی طرف نہ دیکھا جائے۔ یقین ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام آئے گا، مستقبل میں پاک افغان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ افغانستان میں ایمان اورجذبہء حریت کو فتح جب کہ مادی وسائل اور استعمار کو شکست فاش ہوئی۔ امت مسلمہ کو غلام بنا کر نہیں رکھا جا سکتا۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین پر بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ ایک پر امن اور اسلامی افغانستان پاکستان سمیت پورے عالم اسلام کی ضرورت ہے۔ پاکستان، اسلامی دنیا اور عالمی برادری افغانستان کے زمینی حقائق اور جمہور کی آواز کو تسلیم کرے۔ افغانستان کو دوبارہ غیر مستحکم کرنا پورے خطے کے عوام کے مستقبل سے کھیلنے اور اسے آگ کے شعلوں میں لپیٹنے کے مترادف ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 950041

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/950041/افغانستان-میں-ایمان-اور-جذبہء-حریت-کو-فتح-جب-کہ-مادی-وسائل-استعمار-شکست-فاش-ہوئی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org