QR CodeQR Code

قلات، لڑکی کو فروخت کرنے کی کوشش، 2 ملزمان گرفتار

24 Aug 2021 17:04

ایک لڑکی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک شخص شادی کا جھانسہ دیکر اسے قلات لایا اور اسے فروخت کرنے کی کوشش کی۔ لڑکی کے مطابق اسے کمرے میں بند رکھا جاتا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس نے قلات میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو قید میں رکھنے اور فروخت کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایچ او قلات نے پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ لڑکی قلات پولیس کے پاس آئی اور درخواست دیتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ نامی شخص نے اسے شادی کا جھانسہ دیا اور اسے بھگا کر قلات لایا۔ 2 دن ساتھ رکھنے کے بعد دوسرے شخص کے حوالے کر دیا۔ مذکورہ لڑکی کے مطابق دوسرے شخص نے بھی اسے شادی کرنے پر تنگ کیا اور 4 دن بعد واپس نعمت اللہ کے حوالے کر دیا۔ لڑکی کا دعویٰ ہے کہ نعمت اللہ نے اسے فروخت کرنے کی کوشش کی اور کمرے میں بند رکھا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو موقع ملا تو وہ فرار ہو کر پولیس کے پاس آگئی۔
 
مذکورہ لڑکی کے بیان کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نعمت اللہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی جانب سے فوری اطلاع اور درخواست پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس قلات عبدالرؤف بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی قلات اور ایس ایچ او قلات سمیت دیگر پولیس ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 950147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/950147/قلات-لڑکی-کو-فروخت-کرنے-کی-کوشش-2-ملزمان-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org