0
Wednesday 25 Aug 2021 01:08

بھارت میں تاریخی مسجد شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دفتر خارجہ

بھارت میں تاریخی مسجد شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے بھارتی ریاست ہریانہ میں قدیم بلال مسجد کو ملعون عدلیہ کے ساتھ مل کر مسمار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے منظم اور واضح انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جواب دہ بنائیں۔ بھارتی ریاست ہریانہ میں قدیم بلال مسجد کو مسمار کرنے کے حوالے سے میڈیا سوالات کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی ریاست ہریانہ میں قدیم بلال مسجد کو ملعون عدلیہ کے ساتھ مل کر مسمار کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہریانہ میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی پیروکار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے، اور سرکاری حکام کی ملی بھگت سے مسجد کو شہید کیا گیا۔ ہندوتوا نظریے کی پرچار کر کے بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس مسلمانوں کو مستقل نشانہ بنا رہی ہیں۔ شہید کی گئی عبادت گائیں نام نہاد  ’سب سے بڑی جمہوریت‘ پر نہ مٹنے والے داغ ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے نومبر 2019ء میں بابری مسجد کے تاریخی مقام پر رام مندر بنانے کا متنازعہ فیصلہ دیا تھا۔ بابری مسجد کو 1992ء میں ہندوتوا کے پیروکار غنڈوں نے مسمار کر دیا تھا۔ بھارتی عدلیہ ان مجرموں کو بری کرنے کی بھی مجرم ہے جنھوں نے بابری مسجد کو عوام کے سامنے شہید کیا تھا۔ 2002ء میں گجرات اور فروری 2020ء میں دہلی میں مسلم دشمنی کے دوران مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں پر ریاستی تعاون سے حملہ کیا گیا۔ بی جے پی اور اس کے اتحادی مسلم دشمنی پر مبنی اقدامات کے لیے کسی عدالتی جواب دہی سے مبرا ہیں۔ ترجمان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں، ان کے مذہبی مقامات اور ثقافتی ورثے کو نشانہ بنانے کا عمل مسلسل جاری ہے، پاکستان عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ، او آئی سی اور متعلقہ انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیتا رہتا ہے کہ وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے منظم اور واضح انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جواب دہ بنائیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی اقلیتوں بشمول مسلمانوں، ان کی عبادت گاہوں اور ثقافتی مقامات کی حفاظت ، سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 950228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش