0
Wednesday 25 Aug 2021 18:48

نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام کا پہلا سیشن مکمل

نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام کا پہلا سیشن مکمل
اسلام ٹائمز۔ نظام المدارس پاکستان کے شعبہ امتحانات کے زیر اہتمام دو روزہ آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام کا پہلا سیشن مکمل ہو گیا۔ ٹیچر ٹریننگ پروگرام کے دوسرے روز نظام المدارس پاکستان سے ملحقہ مدارس دینیہ کے سینکڑوں اساتذہ نے آن لائن شرکت کی۔ جدید طریقہ تعلیم کے بارے آگاہی کے سلسلے میں منعقدہ دو روزہ ٹیچر ٹریننگ پروگرام میں جدید طرز کے تقاضوں کے مطابق تربیت یافتہ ماہرین تعلیم نے لیکچررز دیئے۔ نظام المدارس پاکستان کے صدر مفتی امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر قادری، ناظم شعبہ امتحانات علامہ عین الحق بغدادی، شعبہ کورسز کے ڈائریکٹر حافظ سعید رضا بغدادی، ڈاکٹر شفاقت بغدادی نے اپنے لیکچرز میں تعلیم میں جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ مقررین نے ورکشاپ میں شریک اساتذہ کو جدید اور منفرد انداز میں تعلیم و تدریس کے طریقوں سے آگاہ کیا جسے ورکشاپ میں شریک اساتذہ نے دلچسپی اور دلجمی سے سنا۔

ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ فرقہ واریت سے اسلام اور نظریہ پاکستان کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں۔دینی مدارس کی رجسٹریشن سے مشکوک ایجنڈہ رکھنے والے بے نقاب ہونگے۔ ریاست رجسٹریشن نہ کروانے والے بورڈز کو اسناد جاری کرنے سے روکے۔ جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اساتذہ کی تربیت بھی ضروری ہے تاکہ وہ طلباء کو مزید اچھے طریقے سے پڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے اساتذہ کی تربیت و تیاری کے لئے مزید پروگرام ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ قابل اساتذہ ہی نسل نو کو دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کر سکتے ہیں۔ جن ملکوں نے ریسرچ کو اپنایا آج وہ روزانہ کی بنیاد پر ترقی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم نے بھی ریسرچ کرنے پر زور دیا ہے۔

ناظم امتحانات نظام المدارس پاکستان علامہ عین الحق بغدادی نے ٹیچر ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدیدت کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ ہمیں اساتذہ کی ٹریننگ کے ذریعے ان کی قابلیت کو بڑھانا ہو گا۔ نظام المدارس پاکستان اساتذہ کو جدید طریقہ تعلیم سے آگاہی فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مدارس دینیہ کے طلباء کو بھی دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کر سکیں۔ عین الحق بغدادی نے مدارس دینیہ کے اساتذہ کو وزارت تعلیم حکومت پاکستان کیساتھ رجسٹریشن کی اہمیت کے بارے میں بتایا اور زور دیا کہ مدارس نظام المدارس پاکستان کیساتھ رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کریں۔ انہوں نے نظام المدارس پاکستان کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 950365
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش