QR CodeQR Code

کُل مسالک علماء بورڈ کا یکم سے 7 ستمبر تک ’’ہفتہ امن‘‘ منانے کا اعلان

26 Aug 2021 13:05

چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہدشمن کیلئے سب سے آسان ہدف فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے، لیکن علماء نے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے مثالی کردار ادا کرکے امن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ محرم الحرام اور امسال بھی دشمن کی کوشش تھی کہ فسادات کروا دیئے جائیں، لیکن علماء بیدار تھے، جس سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی۔


اسلام ٹائمز۔ کُل مسالک علماء بورڈ کا چیئرمین مولانا محمد عاصم مخدوم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں یکم  سے 7 ستمبر تک ’’ہفتہ امن‘‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔ لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، پیر سید عثمان نوری، علامہ محمد حسین گولڑوی، قاسم علی قاسمی، صغیر عباس ورک، علامہ خالد محمود سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا امن کارواں کے عنوان سے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کے دورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر سے جامع مسجد کبری نیو سمن آباد لاہور سے امن کارواں کا آغاز ہوگا، کارواں میں مسلم، مسیحی، ہندو اور سکھ راہنما بھی شریک ہونگے۔ ہفتہ امن کے موقع پر تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کروائی جائیں گی، جن میں مختلف مذاہب کے نمائندگان امن کا پیغام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و روادری کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے، امن ہم سب کی مشترکہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کیلئے سب سے آسان ہدف فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے، لیکن علماء نے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے مثالی کردار ادا  کرکے امن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ محرم الحرام اور امسال بھی دشمن کی کوشش تھی کہ فسادات کروا دیئے جائیں، لیکن علماء بیدار تھے، جس سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی۔

قاسم علی قاسمی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مسالک و مذاہب امن و بھائی چارے کی مثال ہیں، پاکستان میں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کیا جاتا ہے، جس کی واضح مثال حالیہ عشرہ محرم کے دوران مجالس و جلوسوں میں شیعہ سنی علماء اور دیگر مذاہب کے عمائدین نے مشترکہ شرکت کی اور نواسہ رسولؑ کا غم منایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن و بھائی چارے کی یہ فضا ہمیشہ کیلئے قائم رکھنے کیلئے کوشاں ہیں اور حالیہ ہفتہ امن بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امن کے دشمن اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 950503

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/950503/ک-ل-مسالک-علماء-بورڈ-کا-یکم-سے-7-ستمبر-تک-ہفتہ-امن-منانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org