0
Thursday 26 Aug 2021 22:31

جماعت اسلامی کی 80 سالہ تاریخ ملک و قوم کی خدمت پر محیط ہے، سینیٹر مشتاق خان

جماعت اسلامی کی 80 سالہ تاریخ ملک و قوم کی خدمت پر محیط ہے، سینیٹر مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی 80 سالہ تاریخ ملک و قوم کی خدمت اور پاکستان کو ایک مستحکم، اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد سے عبارت ہے۔ 26 اگست 1941ء کو مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے اپنے 75 رفقاء کے ہمراہ جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی، سید مودودی کا لگایا پودا اب تناور درخت بن چکا ہے، ملک کی بیشتر جماعتیں سیاسی نہیں وراثتی ہیں، عوام  جب تک پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور مخلص قیادت کو آگے نہیں لائیں گے حالات نہیں بدل سکتے۔ درحقیقت بڑی نام نہاد سیاسی جماعتوں کے اپنے اندر جمہوریت نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کی بات تو سب کرتے ہیں مگر سیاسی جماعتیں اپنے اندر خود اسٹیبلشمنٹ کو پال رہی ہیں۔خاندانی وراثت کے بغیر کوئی کارکن کسی پارٹی کا کبھی صدر نہیں بن سکا، یہ اعزاز صرف جماعت اسلامی کو حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جماعت اسلامی کے 80ویں یوم تاسیس کے حوالے سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ باقی جماعتوں میں ووٹ بینک چودھریوں، وڈیروں اور جاگیرداروں کا ہے، حال ہی میں یہ سب لوگ نکل کر اب ایک جگہ اکٹھا ہو گئے ہیں، جس سے پی ٹی آئی کی حکومت عمل میں آئی ہے۔ اس حکومت نے اپنے وعدوں کے برعکس عوام پر مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی مسلط کی ہوئی ہے۔ جب تک عوام سٹیٹس کو، کو مسترد نہیں کریں گے اور نظریاتی پارٹیوں کا ساتھ نہیں دیں گے تب تک حالات نہیں بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی 80 سالہ تاریخ میں اس کے کسی ایک فرد پر بھی کرپشن یا قرضے معاف کرانے کا الزام نہیں لگا۔ جماعت کے کسی فرد کا نام پانامہ، لندن یا کرپشن کے کسی اور اسکینڈل میں سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی، محلات اور بیرون ملک اثاثے نہیں بنائے۔ دنیا کے کسی ملک میں سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کے بینک اکاؤنٹ کسی دوسری ملک میں نہیں ہوتے، مگر ہمارے ہاں چکر الٹا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اور اثاثہ جات ہیں۔ یہ لوگ ملک پر مسلط ہیں اور اس کے وسائل کو اپنی دولت بڑھانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 950584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش