0
Friday 27 Aug 2021 16:29

حسینؑ آج بھی زندہ ہے اور یزید کا ساتھ دینے والے ہر جگہ ملعون سمجھے جاتے ہیں، جماعت اسلامی

حسینؑ آج بھی زندہ ہے اور یزید کا ساتھ دینے والے ہر جگہ ملعون سمجھے جاتے ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے کنونشن ہال میں گذشہ تین سالہ حکومتی دور کی کامیابیاں بیان کرنے والے وزیراعظم کو پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے کیوں یاد نہیں ہیں، جس تبدیلی کا وعدہ کیا گیا تھا وہ تبدیلی اگر کہیں نظر آجائے، تو ہم بھی دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں، اس ملک پر قرضے ہیں کہ بڑھ رہے ہیں، غریب آدمی مشکل سے دوچار، ڈالر 167 روپے سے زیادہ کا اور دو وقت کی روٹی کیلئے غریب آدمی مشکل سے دوچار ہیں، غریب کیلئے خوراک، علاج، تعلیم اور میرٹ کا نظام موجود نہیں، آج بھی اس ملک کے اندر بڑے باپ کے بیٹوں کیلئے تو سب کچھ موجود ہے، لیکن غریبوں کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے علاقے شہدادکوٹ میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ یومِ تاسیس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے پر سبز ہلالی رنگ گنبذ خزریٰ سے لیا گیا ہے، 80 سال پہلے پورے برصغیر سے صرف 75 افراد جمع ہوئے، سب کچھ موجود تھا، لیکن تصور اقامت دین موجود نہیں تھا، یہ تصور تو موجود تھا کہ مسلمانوں کی حکومت ہونی چاہئے، لیکن یہ تصور موجود نہیں تھا کہ اسلام کی حکومت ہونی چاہئے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ نزمین پر آج کی جدید ریاست کو قرآن وسنت کی روشنی میں چلانے کیلئے ہی جماعت اسلامی معرض وجود میں آئی ہے، اسلام ایک خدا پر یقین رکھنے والوں کا تصور حیات ہے، اس لئے کمیونزم، سوشلزم اور کفر کا نظام حیات اسلامی نظام حیات کے برابر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سید مودودیؒ، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمدؒ اور سید منور حسن جیسے درویش صفت لوگوں کا نام ہے، رات کی زلفیں طویل ہوئی ہیں، لیکن روشنی کی ضرورت اس وقت ہی بڑھتی ہے، جب اندھیرا گہرا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ بھی ہے اور محرم کا مہینہ بھی ہے، اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، جو پہچانا جاتا ہے امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام اور سیدنا عمر فاروقؓ کی شہادت سے، اسلام کا آخری مہینہ بھی قربانی کا اور آخری مہینہ بھی قربانی کا۔

مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دس ذوالحجہ قربان ہونے والا نبی کا لخت جگر، دس محرم الحرام پر قربان ہونے والا نبیؐ کا نور نظر، انتہا اس کی حسینؑ، ابتدا ہے اسماعیلؑ، ”قتل حسینؑ اصل میں مرگ یزید ہے، اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد“، حسینؑ کے لہو کا آج بھی ایک ایک قطرہ زندہ ہے، یزید کا ساتھ دینے والے ہر جگہ ملعون سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستان میں روز اول سے اقامت دین اور اسلامی نظام کیلئے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کیا ہے، دستور پاکستان میں اسلامی دفعات کو شامل کرنا ہو یا فتنہ قادیانیت اور سقوط مشرقی پاکستان، جہاد افغانستان، جہاد کشمیر میں جانی اور مالی قربانیوں کی ایک لازوال داستان رقم کی ہے اور آج بھی لسانی، سیکولر اور لبرل کرپٹ سیاستدانوں اور ان کے آقاﺅں کی طرف سے پاکستان کو ایک سیکولر اسٹیٹ بنانے میں سب سے بڑی رکاوٹ جماعت اسلامی ہے۔
خبر کا کوڈ : 950691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش