0
Sunday 29 Aug 2021 02:05

کرم میں اراضی کے تنازعات پر قیمتی جانوں کا نقصان تشویشناک ہے، مسرت حسین

کرم میں اراضی کے تنازعات پر قیمتی جانوں کا نقصان تشویشناک ہے، مسرت حسین
اسلام ٹائمز۔ تنظیم تحفظ ملت پاراچنار کے رہنماء مسرت حسین نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں درجن بھر محکموں کی موجودگی کے باوجود اراضی کے تنازعات پر قیمتی جانوں کا نقصان جاری ہے اور مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھانا لمحہ فکریہ ہے۔ پاراچنار میں تنظیم تحفظ ملت کے ہنگامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مسرت حسین منتظری نے کہا کہ ضلع کرم میں اراضی تنازعات پر آئے روز قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں اور ضلعی انتظامیہ و پولیس سمیت دیگر ذمہ دار ادارے لاشیں گننے تک محدود ہوگئے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز ہونے والے واقعے پر دلی رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرم میں آدھے درجن سے زائد کمشنرز موجود ہیں اور درجن بھر سے زائد افسران اور محکمے آگئے ہیں، مگر اس کے باوجود ضلع کرم کے مسائل حل ہونے کی بجائے گھمبیر تر ہوتے جارہے ہیں اور حکومت صرف قبائل کو مہلت پہ مہلت دے رہی ہے، اصل مسائل حل نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کا ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ذمہ دار اداروں سے اعتماد اٹھ گیا ہے، کل کے واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع افسوس ناک ہے اور پولیس کو بار بار آگاہ کرنے کے باوجود کاروائی نہ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ علاقے کے مشران و اکابرین اور معتبر لوگ ایک کمیٹی بنائیں اور علاقائی معاملات خود حل کریں۔
خبر کا کوڈ : 950945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش