0
Monday 30 Aug 2021 01:53

حکومت کو دفن کرنے کیلئے لاکھوں لوگ لیکر اسلام آباد جائیں گے، شہباز شریف

لوگوں اٹھو اور انقلاب لاؤ، کیونکہ انقلاب کے سوا کوئی راستہ نہیں، مولانا فضل الرحمان
حکومت کو دفن کرنے کیلئے لاکھوں لوگ لیکر اسلام آباد جائیں گے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے کراچی کے لیے 11 سو ارب کے پیکیج کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا کراچی کو کچھ نہ دیا، اس حکومت کو دفن کرنے کے لیے لاکھوں لوگ لے کر اسلام آباد جائیں گے۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا کراچی باغ جناح میں جلسہ جاری ہے، جس میں قائدین خطابات کر رہے ہیں۔ اسٹیج پر مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، جہانزیب جمالدینی، اویس نورانی اور دیگر موجود ہیں۔ جلسے میں شرکت کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سمیت سندھ اور بلوچستان سے لوگ پہنچے ہیں۔

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے کراچی کے لیے 11 سو ارب کے پیکیج کا اعلان کیا، لیکن آج تک عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا کراچی کو کچھ نہ دیا، جھوٹے وعدوں پر عوام کو ٹرخایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سندھ کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، عمران خان دن رات جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، کراچی میں بوری بند لاشیں ملتی تھیں اور لوگوں کو بھتے کی پرچیاں دی جاتی تھیں، لیکن اب بھتہ خوری کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے حکمت عملی کے ذریعے کراچی میں امن و امان بحال کیا۔

مسلم لیگ نون کے صدر کا کہنا تھا کہ کراچی ایک معاشی حب ہے، لیکن اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، اگر پی ڈی ایم کو موقع ملا تو اس شہر اور اس ملک کی ترقی کے لیے کام کرے گی، ہم تعلیم و صحت کو مفت فراہم کریں گے۔ انہوں ںے کہا کہ کراچی نے ایک ماں کی مانند پورے ملک بھر کے لوگوں کو اپنی گود میں سما رکھا ہے، چاہے وہ پنجاب، بلوچستان، گلگت، کشمیر یا ملک کے کسی بھی علاقے سے آیا ہو۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس مہنگائی کے خلاف عوام کے طوفان کو اسلام آباد لے کر جانا ہوگا اور حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہانا ہوگا، اس کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں لوگوں کا سمندر لے کر اسلام آباد ضرور جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا؟ ہمیں ایک غیر محفوظ قوم بنا دیا، آج دنیا آگے بڑھ رہی ہے لیکن پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے، لوگوں اٹھو اور انقلاب لاؤ، کیونکہ انقلاب کے سوا کوئی راستہ نہیں، ایسی صورتحال میں خاموش نہیں رہ سکتے۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ چین اس خطے کی طاقت ہے، جسے اقوام متحدہ میں ویٹو پاور حاصل ہے، ہم نے چین کو پاکستان کے راستے سے تجارت کی دعوت دی، سی پیک شروع ہوا تو عالمی قوتوں کو برداشت نہیں ہوا کہ پاکستانی ترقی کی راہ پر جا رہا ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان نے امریکا کے خلاف نمائشی مخالفت کی، تم کہتے ہو اڈے نہیں دو گے، اڈے تم سے مانگے کس نے ہیں؟ وہ تو ہیں ہی ان کے پاس، موجودہ حکومت نے تو اسلام آباد کے تمام ہوٹل امریکیوں کے حوالے کر دیئے۔ جو مودی ہمارا فون اٹھانے کو تیار نہیں، ہم نے وہ کشمیر مودی کو بیچ دیا، جو بقیہ کشمیر رہ گیا تو اسے بھی عمران خان ریفرنڈم کی نذر کرنے کی بات کرتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وزیراعظم کو یہ تک نہیں پتا کہ کشمیر پر ریاست کا موقف کیا ہے؟ اور اس پر اقوام متحدہ کی کون کون سی قرار دادیں منظور ہوئی ہیں، جن قوتوں نے ملک بھر میں ووٹ چوری کیا، انہی قوتوں نے کشمیر میں بھی ووٹ چوری کرکے عمران خان کے حوالے کیا، موجودہ حکومت کے خلاف روڈ کارواں بھی چلیں گے اور اسلام آباد کی طرف مارچ بھی ہوگا۔ افغانستان کے حالات پر انہوں ںے کہا کہ حکومت افغانستان پر طالبان کی حکومت کو غیر مشروط طور پر تسلیم اور فراخدلی کا مظاہرہ کرے، امریکا اور نیٹو سمیت دیگر عالمی قوتیں بھی معاہدے کی پاس داری کریں، مان لیں کہ تم شکست کھا چکے ہو اور شکست خوردہ قوت کبھی شرائط عائد نہیں کرتی، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوں۔
خبر کا کوڈ : 951086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش