0
Monday 30 Aug 2021 18:26

پاکستان میں الفاظ کی حد تک جمہوریت ہے، خرم نواز گنڈاپور

پاکستان میں الفاظ کی حد تک جمہوریت ہے، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان میں الفاظ کی حد تک جمہوریت ہے، انصاف مانگنے پر مظلوموں کو ریاستی اداروں کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے ہی ایک خونی ردعمل کا سامنا تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف مانگنے پر 31,30 اگست کی رات اسلام آباد ڈی چوک میں کرنا پڑا۔ نواز شریف کی حکومت نے پُرامن کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ اس حکومتی بربریت کے نتیجے میں درجنوں کارکنان شدید زخمی ہوئے اور شہادتیں بھی ہوئیں۔ آج کے وزیراعظم عمران خان بھی اس احتجاج میں شریک تھے اور نواز شریف کے حکم پر جب گولیاں برسائی گئیں تو وہ بھی اس پُرتشدد کارروائی کی زد میں تھے اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے ان کی حفاظت کی جس کا اعتراف انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا تھا اور شکریہ ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 17جون 2014ء اور 31,30 کی رات کے زخمی آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پر کارکنوں پر ایکسپائرڈ آنسو گیس کے شیل برسائے گئے۔ سیدھی فائرنگ بھی کی گئی۔ درجنوں جھوٹی ایف آئی آرز درج کروائی گئیں جن میں نام نہاد پی ٹی وی حملہ کیس بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ٹولہ آج اپنے کرپشن کیسز سے بچنے کیلئے کارکنوں کو بغاوت پر اکسا رہا ہے اور اداروں کو بدنام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان نے اشرافیہ کے ظلم اور بربریت کیخلاف جانی، مالی قربانیاں دیں۔ انہی قربانیوں کی وجہ سے نواز شریف اور اس کے حواری بے نقاب ہوئے اور آج دربدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو اتنا مضبوط اور فعال ہونا چاہیے کہ کوئی بھی حکومت انہیں انصاف سے محروم نہ رکھ سکے اور کسی کو انصاف کیلئے سڑکوں پر آ کر احتجاج نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 31,30 کی رات مظلوموں کے انصاف کیلئے جانی، مالی قربانیاں دینے والے کارکنان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان سے کہتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت میں سیاسی کارکنان کیخلاف درج ہونے والے جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 951206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش