QR CodeQR Code

کراچی سے کشمور تک پی پی بھگاؤ سندھ بچاؤ مہم چلائیں گے، حلیم عادل شیخ

30 Aug 2021 23:43

ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لینڈ مافیا، ویکسین مافیا، منشیات مافیا ہر قسم کی مافیا جیالے چیئرمین کی سرپرستی میں پل رہے ہیں، جیالے چیئرمین اگر این آئی سی وی ڈی میں عیاشیاں کرتے خورشید شاہ کو اسیر سمجھتے ہیں تو حیرت ہی کی جاسکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماحلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سیاسی جماعت نہیں ایک مافیا کے طور سامنے آچکی ہے، سندھ حکومت کے خلاف کراچی سے کشمور تک پی پی بھگاؤ سندھ بچاؤ مہم چلائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلاول کی چیخیں صرف وفاق سے مال کھپے کے لئے ہیں، نوکریاں بیچنے اور اداروں کے ساتھ زیادتی میں پیپلز پارٹی سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل، پی آئی اے اور سوئی گیس میں جیالوں کی بھرمار کی گئی، بلاول کی پہچان ایان علی، جعلی اکاؤنٹس، اومنی اور ایڈز بن چکی ہے، وفاق سے حقوق چھیننے کی بات کرنے والے بلاول سندھ کے حقوق مراد علی شاہ سے بھی چھینیں۔

انہوں نے کہاکہ لینڈ مافیا، کتا مافیا، ویکسین مافیا، ایڈز مافیا، ٹینکر مافیا، منشیات مافیا ہر قسم کی مافیا جیالے چیئرمین کی سرپرستی میں پل رہے ہیں، اگر پیپلز پارٹی کو مردم شماری پر اعتراض ہے تو وہ سندھ اسمبلی سے مستعفی ہوکر تحریک چلائے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جیالے چیئرمین اگر این آئی سی وی ڈی میں عیاشیاں کرتے خورشید شاہ کو اسیر سمجھتے ہیں تو حیرت ہی کی جاسکتی ہے، خورشید شاہ نے بیماریوں کے معاملے میں نواز شریف کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین والدہ کی پرچی، وزیراعلیٰ والد کی پرچی، ایڈمنسٹریٹر والدہ کی پرچی عوام جانتے ہیں کہ سلیکٹڈ کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی بدترین حکمرانی کے خلاف سندھ بھر میں مہم چلائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 951271

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/951271/کراچی-سے-کشمور-تک-پی-بھگاؤ-سندھ-بچاؤ-مہم-چلائیں-گے-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org