0
Tuesday 31 Aug 2021 19:04

ویمن اینٹی ہراسمنٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے, ڈاکٹر فرح ناز

ویمن اینٹی ہراسمنٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے, ڈاکٹر فرح ناز
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کی زیر نگرانی ویمن اینٹی ہراسمنٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ تاہم اوپر والے نیک نیتی کیساتھ جو فیصلے کرتے ہیں، نیچے والے ان فیصلوں کو رشوت ستانی، اقربا پروری اور نا اہلی کی وجہ سے سبو تاژ کر دیتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی خواتین کو تحفظ دینے کیلئے درجنوں اقدامات کئے گئے مگر سب بے کار ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اہلکاروں کو ”وکٹم سپورٹ آفیسر“ کا نام دینا بھی حوصلہ افزا ہے مگر سوال عملدرآمد کا ہے؟

ڈاکٹر فرح ناز نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہمارے اس نظام پر شدید تحفظات ہیں، اگر پولیس اہلکاران اور افسران ماضی کے حکمرانوں کے غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کر دیتے تو ہماری دو بہنوں شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کی جان بچ سکتی تھی۔ آج بھی ناقص تفتیش کی وجہ سے قوم کی یہ بیٹیاں انصاف سے محروم ہیں۔ آئی جی پنجاب قوم کی ان بیٹیوں کو انصاف دلوانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو تحفظ دینے کیلئے آئی جی پنجاب کی نیک نیتی پر شک نہیں مگر اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ تھانے کی سطح پر ایس ایچ او اور دیگر تفتیشی عملہ خواتین کیساتھ ہونیوالے ظلم پر انہیں انصاف دے گا اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا؟ انہوں نے کہاکہ ہماری رائے ہے کہ آئی جی پنجاب تھانہ کی سطح پر شرفاء پر مشتمل کمیٹیاں بنائیں جو مظلوم خواتین کو انصاف دلوانے کیلئے ہر قسم کے سیاسی دباؤ کا راستہ روکیں اور قانون کی مدد کریں۔ سفارش اور اقربا پروری نے اس ملک سے انصاف کا جنازہ نکال دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 951406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش