0
Wednesday 1 Sep 2021 11:29

افغانستان سے انخلاء کے بعد پاکستان میں امریکی سرگرمیاں تیز ہو گئیں

افغانستان سے انخلاء کے بعد پاکستان میں امریکی سرگرمیاں تیز ہو گئیں
اسلام ٹائمز۔ افغانستان سے انخلاء کے بعد پاکستان میں امریکی سرگرمیوں میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے۔ امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانولے نے لاہور میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی ہے اور امریکہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب سے درخواست کی کہ وہ حکومت پاکستان کو قائل کریں کہ وہ امریکہ کیساتھ تعلقات میں بہتری لا کر فوائد حاصل کر سکتے ہیں، تاہم آزاد ذرائع سے اس اپیل کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، افغانستان میں فیصلہ وہاں کے عوام کی مرضی کے مطابق ہونا چاہئے۔ ملاقات میں  ولیم کے میکانولے نے کورونا وبا کے دوران حکومتی اقدامات اور پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں کی شفافیت کا اعتراف کیا۔
 
گورنر پنجاب چودھری سرور نے خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل اور وہاں مظالم کا خاتمہ ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کیلئے سب سے زیادہ قربانیں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستانی ترقی کیلئے امریکی کردار قابل تعریف ہے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے نئے سپیشل اکنامک زونز بھی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2021 تک آب پاک اتھارٹی کے تحت 8 ملین لوگوں کو صاف پانی فراہم کریں گے۔ امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں ترقی اور امن کے قیام کیلئے امریکہ پاکستان کیساتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 951542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش