0
Wednesday 1 Sep 2021 19:24

مجمع العلوم الاسلامیہ جامعہ الرشید کے وفد کا دورہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ

حکومت دینی مدارس پر یکساں قومی دینی نصاب مسلط کرنے سے باز رہے، علامہ جواد نقوی
مجمع العلوم الاسلامیہ جامعہ الرشید کے وفد کا دورہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ
اسلام ٹائمز۔ مجمع العلوم الاسلامیہ جامعہ الرشید کراچی کی نصاب کمیٹی کے مسئولین کی ٹیم نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت مولانا نفیس الحق ثاقب کر رہے تھے۔ وفد میں وفاقی تعلیمی بورڈ مجمع العلوم الاسلامیہ کے نائب ناظم تعلیمات مولانا ارشد بنگش،ڈائریکٹر ٹریننگ مولانا الطاف الرحمن، ناظم نصابات مفتی احمد افنان شامل تھے۔ اس موقع پر دینی مدارس کے نصاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دینی مدارس کے نصاب میں بہتری کیلئے اقدامات بھی زیرغور آئے۔ اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کو اپنے نصاب اپنی ضرورتوں کے مطابق بنانا ہو گا، حکومت اپنا تیار کردہ یکساں قومی دینی نصاب مسلط کرنے کی کوشش نہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر مکتب فکر کو یہ آزادی ہونی چاہیئے کہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق اپنا نصاب تیار کرے۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کا نصاب فرقہ واریت اور شدت پسندی سے پاک ہونا چاہیئے اور اس میں جدید تقاضوں اور جدید علوم کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ مجمع العلوم اسلامیہ کے وفد نے علامہ سید جواد نقوی کے خیالات سے اتفاق کیا۔ وفد نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی جدید لائبریری کی بھی تعریف کی۔ مولانا نفیس الحق ثاقب نے کہا کہ مدارس دینیہ کے علمی معیار اور وقار کی بحالی بڑا چیلنج ہے۔ مدارس دینیہ کو ایک دوسرے کے تعلیمی، تربیتی تجربات و مشاہدات سے استفادہ کرنا چاہیے تاکہ مدارس دینیہ میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی عصری تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت کی جا سکے اور انہیں ملک و ملت کی حقیقی خدمت کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے علامہ سید جواد نقوی کے جدید خیالات کی بھی تعریف کی۔ 

 
خبر کا کوڈ : 951608
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش