0
Thursday 2 Sep 2021 08:59

ملکی ترقی کیلئے فرقہ واریت سے باہر نکلنا ہوگا، پیر نورالحق قادری

امت کو واحد امت بنانے کیلئے مشترکات پر آنا ہوگا، علامہ سید جواد نقوی
ملکی ترقی کیلئے فرقہ واریت سے باہر نکلنا ہوگا، پیر نورالحق قادری
اسلام ٹائمز۔ مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام قومی یکجہتی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی، ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، ناظم جامعہ اشرفیہ حافظ فضل رحیم اشرفی، حافظ خالد اسعد، جماعت اہلسنت کے مولانا محمد خان لغاری، مفتی عبدالاسد، مولانا عبدالمالک سمیت دیگر نے شرکت کی۔

شرکاء نے مل کر ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نورالحق قادری نے کہا ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے، ملکی ترقی کیلئے فرقہ واریت سے باہر نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو جتنا نقصان فرقہ واریت نے پہچایا ہے، کسی اور شئے نے نہیں پہنچایا۔ صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن نے کہا قومی ہم آہنگی اور اتحاد کو مدنظر رکھ کر مضبوط قوم بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، ملک میں قیام امن کیلئے صوفیائے کرام کی فکر کو فروغ دینا ہوگا۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ امت کو امتِ واحدہ بنانے کیلئے مشترکات پر آنا ہوگا، دشمن ہمیں ہر موقع پر منتشر کرنے اور آپس میں لڑانے کا سامان کرتا ہے، مگر دشمن کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، علماء قوم کو متحد رکھنے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا ایسی سوچ اپنائی جائے جو ایسے پاکستان کی بنیاد رکھے جس میں لبرل آئین کی حکمرانی ہو۔ سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے کہا تمام مکاتب فکر کے لوگ اپنا کردار ادا کرکے مثال بنیں، حکومت کو علماء کی فلاح کیلئے بھی کام کرنا چاہئے۔ کانفرنس کے اختتام پر جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا فضل رحیم اشرفی نے ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کروائی۔
خبر کا کوڈ : 951697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش