QR CodeQR Code

علامہ شہنشاہ نقوی کیخلاف مہم جوئی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، علامہ عارف واحدی

2 Sep 2021 22:08

اپنے ایک مذمتی بیان میں ایس یو سی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مقتدر حلقے تکفیری عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور تمام مسالک کے جید علماء کرام مثبت کردار ادا کریں۔ عوام ایام عزاء میں صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتحاد و وحدت کو فروغ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام و صفر المظفر عزاء حسینیؑ کے مہینے ہیں، اِن کا تقدس اور احترام سب کی ذمہ داری ہے۔ اِن ایام ِعزاء میں سید الشہداءؑ کے آفاقی پیغام کو دنیا تک پہنچانے میں سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ پوری دنیا کی طرح وطن عزیز پاکستان میں بھی نواسہ رسول اکرم کے اِن ایام کو انتہائی عقیدت و احترم کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس میں تمام مسالک و طبقات کے افراد شریک ہو رہے ہیں۔ اس سلام عقیدت میں تمام طبقات برابری کی سطح پر شامل ہیں، جس کی بنیاد صدیوں پر محیط اتحاد و وحدت کی فضا ہے، لیکن تکفیری، فرقہ وارانہ عناصر اور ملکی امن و امان کے بد خواہان اسے خراب اور سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، جسے ناکام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقتدر حلقوں کو اس بارے متوجہ کیا جاتا ہے کہ وہ امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، تاکہ وطن عزیز پاکستان کی پرامن فضا مکدر نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کے خلاف تکفیری عناصر کی مہم جوئی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، چند سال قبل کے ایک وڈیو کلپ کو بہانہ بنا کر فرقہ وارانہ پروپیگنڈہ کے ذریعے وطن عزیز کی پرامن فضا کو مکدر کرنے کی جو سازش کی جا رہی ہے، وہ بلاجواز، کھلی زیادتی اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ اِس بارے میں علامہ موصوف کا وضاحتی بیان منظر عام پر آچکا ہے۔ اس کے بعد سیاق و سباق سے ہٹ کر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11W کے تحت سرکاری اہلکار کی جانب سے ایف آئی آر کا اندراج بدنیتی پر مبنی ہے۔ لہٰذا تمام مسالک کے جید علماء کرام وطن عزیز کی پرامن فضا کو قائم رکھنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں، تاکہ ملک میں ہم آہنگی اور وحدت کی فضا قائم رہے اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔ انہوں نے آخر میں عوام کو پرامن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ایام عزاء میں انتہائی صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور ہر جگہ پرامن فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے اتحاد و وحدت کو فروغ دیں۔


خبر کا کوڈ: 951837

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/951837/علامہ-شہنشاہ-نقوی-کیخلاف-مہم-جوئی-کی-بھرپور-مذمت-کرتے-ہیں-عارف-واحدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org