0
Friday 3 Sep 2021 20:17

منہاج القرآن کے زیر اہتمام 20 روزہ ترجمہ و تفسیر کورس 6 ستمبر سے شروع ہو گا

منہاج القرآن کے زیر اہتمام 20 روزہ ترجمہ و تفسیر کورس 6 ستمبر سے شروع ہو گا
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ عرفان الہدایہ کے زیر اہتمام خواتین و طالبات کیلئے قرآن حکیم کا اردو بامحاورہ و لفظی ترجمہ، سورتوں کا تعارف اور تفسیر سیکھنے، سمجھنے کیلئے ”منتخابات القرآن“ سیریز کے پہلے 20 روزہ آن لائن کورس ”حوا میم سیشن“ کا آغاز 6 ستمبر سے ہوگا۔ اس آن لائن کورس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی سکالرز خواتین کو قرآن حکیم کا ترجمہ، عربی گرائمر، تلاوت قرآن حکیم اور احکام تجوید سے متعلق لیکچر دیں گی۔ 20روزہ کورس میں داخلے کیلئے پاکستان اور بیرون ممالک سے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، نائب ناظمہ انیلہ الیاس ڈوگر، اُم حبیبہ اسماعیل، لبنی مشتاق، رافعہ عروج، حاجرہ قطب اعوان، فاطمہ سعید، اقرا مبین و دیگر خواتین سکالرز 20روزہ آن لائن کورس میں روزانہ لیکچرز دیں گی۔

20روزہ آن لائن کورس کی تعارفی نشست سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی نائب ناظمہ ام حبیبہ اسماعیل نے کہا کہ قرآن حکیم سچائیوں پر مبنی علوم کی ایک ایسی درسگاہ ہے جو نسل آدم کو دنیا میں امن و سکون اور ترقی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آخرت کی تکالیف سے بچنے اور محفوظ رہنے کے طریقے بھی بتاتی ہے۔ قرآن حکیم اپنے سیکھنے اور سمجھنے والوں کی ایسی رہنمائی کرتا ہے کہ انہیں غلامی سے سرداری،دشمنی سے دوستی،تکبر سے عاجزی،نفرت سے محبت کے قرینے سکھاتا ہے۔قرآن حکیم کی تلاوت سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کے زنگ اترتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کو ترجمے کے ساتھ پڑھنا چاہیے تاکہ معلوم ہو کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کیا فرماتے ہیں۔تعارفی سیشن میں کلثوم طفیل اور فاطمہ سعید خان نے بھی گفتگو کی۔
خبر کا کوڈ : 951962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش