0
Friday 3 Sep 2021 20:47

کوئٹہ، مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

کوئٹہ، مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری اسفندیار خان کی زیر صدارت محکمہ توانائی کے رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل نئے اور جاری منصوبوں پر پیش رفت اور بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کی کارکردگی سمیت سولر اور ایل پی جی پروجیکٹس کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی صالح محمد بلوچ، بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید فراست شاہ اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ توانائی کے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرامز میں مجموعی طور پر 119 اسکیمیں شامل ہیں، جن میں 48 جاری منصوبے اور 71 نئے منصوبے شامل ہیں۔

بریفنگ میں محکمہ توانائی کے نئے بڑے منصوبہ جات جن میں گیس کی فراہمی، ایل پی جی ٹرمینل کی تنصیب، سولر پاور پارکس کے قیام، دیہی علاقوں میں ایل پی جی/ایل این جی کی فراہمی اور سرد علاقوں میں سولر گیزر کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کی کارکردگی اور اس کے قلیل و طویل مدتی پروجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تفتان میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے لئے فزیبلٹی اسٹیڈی دو ہفتوں میں مکمل کر لی جائے گی، جبکہ انرٹیک کے ساتھ ایکوئٹی شیئر ایگریمنٹ پر دستخط کئے گئے ہیں۔
 
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں توانائی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی کی فزبیٹلی کرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اسفندیار خان نے اس امر پر زور دیا کہ تمام منصوبہ جات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لئے ٹائم لائن مقرر کرکے انہیں فاسٹ ٹریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا ویژن ہے کہ دبئی ایکسپو میں بلوچستان میں آئل ٹرمینل اور پیٹرو کیمیکل انڈسٹری کے فروغ کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 951964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش