QR CodeQR Code

جبران باسیل کا امیر عبداللہیان کو فون، ايندھن کی ترسیل پر ایران کا شکریہ

3 Sep 2021 23:08

لبنان کے سابق وزیر خارجہ اور ملک کے سب سے بڑے عیسائی اتحاد کے سربراہ نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایندھن کی ترسیل پر ایران کا شکریہ ادا کیا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران لبنان کو ایندھن سمیت ضرورت کا ہر سامان فراہم کرنے کو تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان کے سابق وزیر خارجہ اور ملک کے سب سے بڑے عیسائی اتحاد کے سربراہ جبران باسیل نے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے جس کے دوران انہوں نے امير عبداللہیان کو وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اس مشکل وقت میں عالمی خطرات کے باوجود ایران کی جانب سے لبنان کو ایندھن کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جبران باسیل نے بعض افراد کی جانب سے اپنے سیاسی اہداف تک پہنچنے کے لئے لبنانی عوام پر بھوک مسلط کرنے کی مذموم سیاست کے اختیار کرنے پر شدید تنقید کی اور ایرانی وزیر خارجہ کو دوطرفہ تعلقات میں توسیع پر مبنی لبنانی صدر میشل عون کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

اس گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے پیٹروکیمیکل مصنوعات کی فروخت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر لبنانی حکومت و تجار کو مزید ایندھن کی ضرورت ہوئی تو بھی ایران مہیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی عوام کے خلاف غاصب صیہونیوں کی جانب سے مسلط کئے گئے اس بحران کے خاتمے کے لئے سربراہ حزب اللہ کی اختیار کردہ تدبیر نے بھی اسی حقیقت کو برملا کیا ہے کہ لبنان کی سرفرازی کا واحد رستہ اپنی صلاحیتوں پر یقین اور قومی سرمائے پر تکیہ کرتے ہوئے اپنے مفاد کی خود حفاظت کرنے میں ہے۔ حسین امیر عبداللہیان نے اپنی گفتگو کے دوران یہ اعلان کرتے ہوئے کہ لبنان کے ساتھ تعلقات کی توسیع میں ایران کسی قسم کی حدود و قیود کا قائل نہیں، تاکید کی کہ ایران ہمیشہ کے مانند لبنانی عوام، حکومت و فوج کی حمایت جاری رکھے گا۔


خبر کا کوڈ: 951989

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/951989/جبران-باسیل-کا-امیر-عبداللہیان-کو-فون-ايندھن-کی-ترسیل-پر-ایران-شکریہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org