QR CodeQR Code

قِبلہء اول بیت المقدس کی حفاظت اور دفاع کسی ایک مسلک کا فریضہ نہیں، بلکہ اُمت مسلمہ کا اولین اور شرعی فریضہ ہے، مولانا محمد شعیب

28 Aug 2011 19:34

اسلام ٹائمز:آئی ایس او پشاور کے ڈویژنل صدر اویس الحسن نے کہا کہ عوامی حلقوں اور مذہبی تنظیموں میں قبلہ اَول کے حوالے سے بیداری خوش آئند ہے، تاہم جمعةالوداع کے دن تمام اسلامی ممالک میں مردہ باداَمریکہ، مردہ باداِسرائیل، کے نعرے گوجنے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مذہبی مقامات کی حفاظت سے غفلت اِیمان کی کمزوری کی علامت ہے۔


 پشاور:اسلام ٹائمز۔ ہر سال کی طرح اِس سال بھی ملک بھر میں جمعةالوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلے میں اِمامیہ اسٹو ڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیرِاہتمام ملک بھر میں 100 مقامات پر القدس ریلیاں، سیمینار اور پریس کانفرنسز کا اِنعقاد کیا گیا۔ یوم القدس کے حوالے سے پشاور میں ایک مشترکہ احتجاجی ریلی عالمی متحدہ علماء و مشائخ کونسل اور اِمامیہ اسٹو ڈنٹس آرگنائزیشن کے زیرِاہتمام پریس کلب کے سامنے نکالی گئی۔ سینکڑوں شرکاء ریلی نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطین اور بیت المقدس پراسرائیلی قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔ رِیلی کی قیادت مشائخ کونسل کے رہنما مولانا محمد شعیب، آئی ایس او کے صدر اویس الحسن، علامہ سید جواد ہادی، علامہ ارشاد حسین خلیلی، مولانا محمود الحسن، مفتی حمیداللہ اور مولانا عبدالقادر نے کی۔
شرکاء نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا، اور امریکی اور اِسرائیلی جھنڈے نذرِآتش کئے۔ مولانا محمد شعیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ قِبلہ اَول بَیت المقدس کی حفاظت اور دفاع کسی ایک مسلک کا فریضہ نہیں، بلکہ اُمت مسلمہ کا اولین اور شرعی فریضہ ہے، لہذا یوم القدس منانا اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں نکلنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اور پاکستان میں جاری حالیہ دہشت گردی بالخصوص کراچی میں پے در پے ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار امریکہ ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امت مسلمہ کو ظلم و بربریت کی چکی میں پیس رہا ہے۔ آئی ایس او کے ڈویژنل صدر اویس الحسن نے کہا کہ عوامی حلقوں اور مذہبی تنظیموں میں قبلہ اَول کے حوالے سے بیداری خوش آئندہ ہے، تاہم جمعةالوداع کے دن تمام اسلامی ممالک میں مردہ باداَمریکہ، مردہ باداِسرائیل، کے نعرے گوجنے چاہیئں۔ انھوں نے کہا کہ اپنے مذہبی مقامات کی حفاظت سے غفلت اِیمان کی کمزوری کی علامت ہے۔
کوئٹہ کے شہداء کو خراج تخسین پیش کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس یوم القدس ریلی میں شہید ہونے والے افراد عظیم انسان تھے، جن میں صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔ ہم ان تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں،ان سے عہد کرتے ہیں، کہ شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ علامہ سید جواد ہادی نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ اِسرائیل کے منحوس پنجوں میں سسکتا قبلہ اول بیت المقدس اُمت مسلمہ کو پُکار رہا ہے۔ مولانا محمود الحسن نے کہا کہ یومُ القدس کے منانے کا مقصد اُمت مسلمہ میں بیداری پیدا کرنا، اور ضمیر عالم کو جھنجوڑنا ہے۔
علامہ ارشاد خلیلی نے کہا کہ اُمت مسلمہ یومُ القدس کے ذریعے فلسطین کے مظلومین کے مسائل کو عالمی سطح پر اُٹھا کر اِسرائیل اور اسکے سرپرستو ں کے چہروں پر پڑے نقاب کو اُتار سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 95223

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/95223/ق-بلہء-اول-بیت-المقدس-کی-حفاظت-اور-دفاع-کسی-ایک-مسلک-کا-فریضہ-نہیں-بلکہ-ا-مت-مسلمہ-اولین-شرعی-ہے-مولانا-محمد-شعیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org