QR CodeQR Code

سید علی گیلانی کشمیر کاز پر غیر متزلزل عزم سے ڈٹے رہے، ڈاکٹر راغب نعیمی

5 Sep 2021 19:13

کشمیری علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی جیسی ہستیاں صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، سید علی گیلانی کی پاکستان کیساتھ والہانہ محبت اہل کشمیر کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہے۔پاکستانی قوم مرحوم کے لواحقین اور کشمیریوں کے دکھ کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہے، پاکستانی قوم سید علی گیلانی کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کشمیر کاز پر غیر متزلزل عزم سے ڈٹے رہے۔ بھارتی ظلم و ستم اور پابند سلاسل کے باوجود انہوں نے کشمیری عوام کیلئے جدوجہد جاری رکھی۔ سید علی گیلانی جیسی ہستیاں صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، سید علی گیلانی کی پاکستان کیساتھ والہانہ محبت اہل کشمیر کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہے۔پاکستانی قوم مرحوم کے لواحقین اور کشمیریوں کے دکھ کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہے، پاکستانی قوم سید علی گیلانی کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی نے ساری زندگی مقبوضہ وادی پر قابض بھارتی فوج کے قبضے کیخلاف آواز بلند کی، ان کی زندگی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جرات مند اور بہادر لیڈر سے محروم ہو گئی ہے، ان کی نماز جنازہ کے موقع پر کرفیو لگانا اور کشمیری عوام کو ان کے جنازے میں شرکت سے روکنا قابض بھارتی فوج کے شرمناک اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیری عوام کئی دہائیوں سے آزادی کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اور انسانیت کا قاتل نریندر مودی کشمیری عوام پر ظلم ڈھا رہا ہے اور ان کے بنیاد حقوق صلب کر رکھے ہیں، عالمی برادری بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے۔ اللہ حریت رہنما سید علی گیلانی کو جنت فردوس میں درجات بلند فرمائیے۔ دکھ کی اس گھڑی میں کشمیری عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں برابر شریک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 952296

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/952296/سید-علی-گیلانی-کشمیر-کاز-پر-غیر-متزلزل-عزم-سے-ڈٹے-رہے-ڈاکٹر-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org