0
Sunday 5 Sep 2021 23:45

ناصر حسین شاہ کی یقین دہانی پر تاجروں کا بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

ناصر حسین شاہ کی یقین دہانی پر تاجروں کا بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی یقین دہانی پر تاجروں نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ تاجر ایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ پہنچے، جہاں انہوں نے تاجر رہنماؤں سے مذاکرات کئے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے این سی او سی کی ہدایت پر پابندی کا نفاذ کیا مگر اب تاثر دیا جارہا ہے کراچی اور حیدرآباد کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے، ایسا نہیں ہے کیونکہ یہاں کیسز بہت زیارہ رپورٹ ہورہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کیسز میں اضافہ ہوا جس کے بعد وہاں بھی پابندیاں سخت کی جارہی ہیں، سندھ میں پابندی کے وقت کیسز کی  تعداد 23 فیصد سے زائد تھی، عوام کے تعاون سےآج کرونا کیسز کی تعداد7 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تاجروں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ریلیف کیلئے بات چیت جاری ہے، پیر کو وزیراعلیٰ سندھ کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا جائے گا اور تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے تاجروں سے دھرنا ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پیر کے روز ہونے والے کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد تاجروں کو اچھی خبر سُننے کو ملے گی۔ صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر تاجر ایکشن کمیٹی نے فوری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں تاجر ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج کو دوسرے مرحلے میں داخل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ کو احتجاجاً بند کردیا تھا۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ  مطالبات پورے نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا اور میٹنگ کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 952330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش