QR CodeQR Code

شہداء کی قربانیوں سے ہماری آزادی محفوظ ہے، خرم نواز گنڈاپور

عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے رہنماؤں کی شہداء کی یادگار پر حاضری

6 Sep 2021 16:23

خرم نواز گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یوم دفاع کے اس تاریخی موقع پر میں سوشل میڈیا پر متحرک محب وطن ایکٹیوسٹس کو پیغام دوں گاکہ سوشل میڈیا پر اعلانیہ اور چھپے ہوئے دشمن عوام اور فوج کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں جو قومیں دفاع وطن کیلئے متحد اور یکجان ہوتی ہیں کوئی ان کی آزادی اور سلامتی پر میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں کے وفد نے سینئر مرکزی رہنما خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں یوم دفاع کے موقع پر باٹا پور لاہور میں شہداء کی یادگاروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔ باٹاپور اور شالامار ٹاؤن کے کارکنان خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں موٹر سائیکل ریلی کی شکل میں شہداء کی یادگار پر گئے۔ کارکنوں نے مرکزی رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ رہنما جنگ ستمبر کے عظیم قومی ہیرو عزیز بھٹی شہید کی یادگار پر بھی گئے اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ سہیل احمد رضا، صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین، افضل گجر، شفاقت مغل، رانا عتیق، امتیاز احمد اعوان، اورنگزیب و دیگر ہمراہ تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے شہداء کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس موقع پرانہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے شہداء کے بہنے والے مقدس خون کے صدقے ہم آج محفوظ اور چین کی نیند سوتے ہیں۔ افواج پاکستان کے شہید اور غازی قوم کا سرمایہ اور فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین پروفیشنل فوج ہے، اس کے ہوتے ہوئے کوئی ہماری سرحدوں پر میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کے اس تاریخی موقع پر میں سوشل میڈیا پر متحرک محب وطن ایکٹیوسٹس کو پیغام دوں گاکہ سوشل میڈیا پر اعلانیہ اور چھپے ہوئے دشمن عوام اور فوج کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں جو قومیں دفاع وطن کیلئے متحد اور یکجان ہوتی ہیں کوئی ان کی آزادی اور سلامتی پر میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس انتشار پھیلانے اور غلط فہیماں پیدا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں۔


خبر کا کوڈ: 952442

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/952442/شہداء-کی-قربانیوں-سے-ہماری-آزادی-محفوظ-ہے-خرم-نواز-گنڈاپور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org