QR CodeQR Code

مذہب کی آڑ میں فتنہ پھیلانے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، علامہ باقر زیدی

6 Sep 2021 23:04

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کو ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیئے جو امن و امان کو تباہ کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ شر پسند عناصر ملک کو مذہبی منافرت کے جہنم میں دھکیلنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، جو لوگ شدت پسندی کی ترویج چاہتے ہیں وہ چاہے کسی بھی لبادے میں ہوں ان کا ایجنڈا یہود و نصاریٰ کے مفادات کا تحفظ ہے، مذہب کی آڑ میں ملک میں فتنہ پھیلانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کو ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیئے جو امن و امان کو تباہ کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک شیعہ سنی مسلمانوں نے مل کر جدوجہد کی ہے، جن کے اجداد قیام پاکستان کی مخالفت کرتے رہے آج ان کی اولادیں پاکستان میں اپنے نظریات لاگو کرنے کے لئے بےتاب دکھائی دیتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تکفیری عناصر کو یہ واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ملت تشیع کے بنیادی عقائد پر حملے یا ہمارے علماء کی کردار کشی کے شیطانی عزائم سے باز رہیں، ہم نے حق و صداقت کا درس کربلا سے سیکھا ہے، ہم حسینی ہیں جو حق کے لئے کٹ تو سکتے ہیں مگر باطل کے سامنے جھک نہیں سکتے۔ انہوں نے کہ مذہبی منافرت اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی انتہائی ضروری ہے، ریاستی اداروں کو کسی مصلحت  یاجانبداری کا مظاہرہ کرنے کی بجائے آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر مادر وطن کے عظیم بیٹوں نے ملک کے دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بانیان پاکستان کی اولادیں بیرونی و اندونی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 952490

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/952490/مذہب-کی-آڑ-میں-فتنہ-پھیلانے-سازش-کو-کامیاب-نہیں-ہونے-دیا-جائے-گا-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org