0
Tuesday 7 Sep 2021 22:26

طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کر دیا

طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ طالبان نے افغانستان میں عبوری حکومت تشکیل دیتے ہوئے کابینہ کے ناموں کا اعلان کر دیا، اسلامی حکومت کے قائم مقام وزیراعظم محمد حسن اخوند جبکہ ملا عبدالغنی برادر اور ملا عبدالسلام نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔ اس بات کا اعلان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اسلامی حکومت قائم کردی گئی ہے جس کے لیے کابینہ بنائی جارہی ہے، نئی اسلامی حکومت کے قائم مقام سربراہ محمد حسن اخوند جبکہ ملا عبدالغنی برادر اور ملاعبدالسلام ان کے نائب ہوں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ نئی حکومت میں وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی، وزیر داخلہ سراج الدین حقانی، وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب، وزیر اطلاعات و ثقافت ملا خیر اللہ خیر خواہ، نائب وزیر اطلاعات و ثقافت ذبیح اللہ مجاہد، وزیر خزانہ ملا ہدایت اللہ بدری، وزیر تعلیم شیخ اللہ منیر کو مقرر کیا جا رہا ہے اور عدالتی امور مولوی عبدالحکیم دیکھیں گے۔

طالبان ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں کسی کی مداخلت قبول نہیں، ہم نے افغانستان میں مداخلت کرنے والے امریکا کے خلاف بیس سال تک جدوجہد کی بالآخر فتح حاصل کی، ہمارے معاملات میں پاکستان کوئی مداخلت نہیں کر رہا یہ محض 20 سال سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملا عبدالحق افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے سربراہ ہوں گے، عبوری حکومت تشکیل دے دی گئی ہے تاہم اس میں موجود متعدد عہدوں کے لیے کئی ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 952684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش