0
Thursday 9 Sep 2021 14:33

کالعدم ٹی ٹی پی کی صحافیوں کو دھمکی پر پی ایف یو جے کا اظہارِ تشویش

کالعدم ٹی ٹی پی کی صحافیوں کو دھمکی پر پی ایف یو جے کا اظہارِ تشویش
اسلام ٹائمز۔ پاکستان فیڈریشن یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے میڈیا کو دی گئی دھمکی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا ہے صحافیوں کی حفاظت و سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے حال ہی میں ایک بیان جاری کیا تھا، جس میں میڈیا کو خبردار کیا گیا تھا کہ اس گروپ کے لیے لفظ دہشت گرد کا استعمال نہ کیا جائے، ورنہ ان کے ساتھ دشمنوں کی طرح پیش آیا جائے گا۔ پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے صحافیوں، بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کام کرنے والے صحافیوں کے تحفظ پر تشویش کا اظہار کیا۔ پی ایف یو جے نے نشاندہی کی کہ ان دو صوبوں میں عسکریت پسندوں کی ٹارگٹ کلنگ میں 30 سے زائد صحافیوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔

پی ایف یو جے نے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کیس حل ہوا نہ ہی کسی کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مختصر سکون کے بعد ایک نئی دھمکی نے پھر سے صحافی برادری کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ پی ایف یو جے کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قومی بیانیے کو جگہ دینے پر میڈیا اراکین کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور اگر کسی عسکری گروہ کی پریس ریلیز شائع ہو جائے تو حکام ان سے پوچھ گچھ کرتے ہیں، ہمیں دونوں جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ پی ایف یو جے کے مطابق یہ صحیح وقت ہے، جب حکومت کو پاکستان یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے صحافیوں کی حفاظت اور سلامتی کا مجوزہ بل قبول کرنا چاہیئے۔ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ تجویز دی ہے کہ میڈیا مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے تمام ملازمین کو لائف انشورنس کی سہولت فراہم کریں، بالخصوص ان کو جو تنازعات کے شکار علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 952841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش