0
Wednesday 8 Sep 2021 23:44
 افغان مسئلے پر وزیراعظم عمران خان تنہائی کا شکار ہیں

 جو حکمران ہم پر مسلط کئے گئے ہیں ہم انہیں نہیں مانتے، بلاول بھٹو زرداری 

 جو حکمران ہم پر مسلط کئے گئے ہیں ہم انہیں نہیں مانتے، بلاول بھٹو زرداری 
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وسیب کے عوام نے میرا والہانہ استقبال کیا جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں۔ لودھراں، ڈیرہ غازی خان اور وہاڑی میں عوام کی بڑی تعداد نے میرا استقبال کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔ بدھ کے روز ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں صرف پیپلزپارٹی ہی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور سیاسی جمود کو توڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں مختلف سیاسی رہنماوں کی شمولیت سے دیگر پارٹیوں میں ہل چل پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران ہم پر مسلط کئے گئے ہیں ہم انہیں نہیں مانتے۔ ملک میں جب بھی انتخابات ہوں گے جیالے ہی اقتدار میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسوں میں عام عوام آتے ہیں کیونکہ ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے لئے حکومتوں میں آنے کا بندوبست کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دوسری پارٹیاں تو اٹھتی اور بیٹھتی بھی دوسروں کے اشاروں پر ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغان مسئلے پر وزیراعظم عمران خان تنہائی کا شکار ہیں، حکومت کو افغان پالیسی سمیت اہم ایشوز کو پارلیمنٹ میں لانا ہوگا اور انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کو کولڈ اسٹوریج سے باہر نکالنا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 100دن میں صوبہ بنانا ہوتا تو اب تک آرام سے بن چکا ہوتا۔ تین سال بعد جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا قیام صرف ایک لولی پاپ ہے۔ میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے موجودہ بل پر چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس بل پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ نے بھی میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے موجود بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، چودھری پرویزالہی پر میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے موجودہ بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کررہے ہیں۔ عمران خان کو سوچنا چاہیے کہ میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بل پر حکومتی اتحادی بھی ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ اس موقع پر مخدوم احمد محمود، سید یوسف رضا گیلانی، خواجہ رضوان، فیصل کریم کنڈی، ایم سلیم راجہ، چودھری یاسین اور راو ساجد بھی موجود تھے۔ 
خبر کا کوڈ : 952884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش