QR CodeQR Code

عرب لیگ ایران مخالف بیانیہ جاری کرنے کی بجائے صہیونی رژیم کے خلاف موثر اقدامات انجام دے، ایران

10 Sep 2021 17:40

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے عرب لیگ کی چار رکنی کمیٹی کی جانب سے ایران پر خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر مبنی الزام عائد کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صہیون حکام کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف موثر اقدامات انجام دینے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزرت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے عرب لیگ کی چار رکنی کمیٹی کی جانب سے ایران پر عائد کئے جانے والے بے بنیاد الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا اس بیانیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کمیٹی کے رکن ممالک خطے کی موجودہ صورتحال اور عرب ممالک سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات سے بالکل لاعلم ہیں۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایسے ممالک جن کا ماضی خطے کے ممالک میں بے جا مداخلت، بدامنی کے پھیلاو، دہشت گردی کے فروغ، پراکسی وار مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ خاص طور پر یمن میں جنگ کی آگ جلانے سے بھرا پڑا ہے کسی دوسرے ملک پر ایسے الزامات عائد کرنے کا حق نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا: "ایران پر الزامات عائد کرنے کی یہ کوششیں ایسی حکومتوں کیلئے بے فائدہ ثابت ہوں گی جو دیگر ممالک میں مداخلت کرتے ہیں اور اپنی عوام کے مطالبات کو کوئی اہمیت نہیں دیتے۔"
 
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسا بیانیہ جاری کرنے والے ممالک کے حقیقی محرکات اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کی خفیہ اور اعلانیہ طور پر مدد کرنے پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے عرب لیگ کی چار رکنی کمیٹی میں شامل ممالک کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے بیہودہ بیانیے جاری کرنے کی بجائے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صہیونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات روکنے کیلئے موثر اقدامات انجام دیں۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ کچھ عرب ممالک ایک طرف ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا اعلان کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف ایران کے خلاف ایسے بیہودہ بیانیے جاری کرتے ہیں جو ان کے متضاد رویوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کو گفتگو اور مذاکرات کی دعوت دی ہے اور باہمی مسائل کو گفتگو کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
 
یاد رہے حال ہی میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ آل سعود نے چار رکنی عرب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ یہ اجلاس مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے دوران منعقد ہوا تھا جس کا مقصد ایران سے متعلق امور کا جائزہ لینا بیان کیا گیا تھا۔ سعودی وزیر خارجہ کی زیر صدارت اس اجلاس میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط، مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری، بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی اور متحدہ عرب امارات کے مشیر شاہن المرر نے شرکت کی تھی۔ اجلاس کے آخر میں جاری کردہ بیانیے میں ایران پر خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اسی طرح ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں اظہار تشویش کرتے ہوئے ایران کی جوہری سرگرمیوں کو روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 953135

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953135/عرب-لیگ-ایران-مخالف-بیانیہ-جاری-کرنے-کی-بجائے-صہیونی-رژیم-کے-خلاف-موثر-اقدامات-انجام-دے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org