QR CodeQR Code

 قادیانی سازشوں کے ذریعے ختم نبوت کے خلاف جال بچھانے میں مصروف ہیں، حافظ محمد ادریس 

10 Sep 2021 21:41

منصورہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ سونامی نے قوم کا سکون چھیننے اور مشکلات میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں کیا۔ حکمران خوشحال اور غریب بدحال ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا کہ دین دشمن قوتیں افغانستان میں امن، خوشحالی اور شریعت کے نفاذ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ چھوٹی بات کو بڑی بنا کر دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔ فلسطین اور کشمیر میں بے گناہ قید ہونے والے افراد کے لیے آواز اٹھانے والوں پر لاٹھی چارج، تشدد بے ضمیر عالمی طاقتوں کو نظر نہیں آتا۔ قادیانی سازشوں کے ذریعے ختم نبوت کے خلاف جال بچھانے میں مصروف ہیں۔ ان کی سرگرمیوں کو روکنا بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ ادریس نے کہا کہ اسلام میں خواتین کو مکمل آزادی حاصل ہے، وہ شریعت کے دائرہ میں رہ کر کاروبار کر سکتی ہیں۔ دین میں ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو خدا کی رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ یورپ کی عورت مغربی کلچر سے مایوس اور بیزار ہو رہی ہے۔ مغرب کی خواتین خاندانی نظام اور رشتوں سے نابلد جس کی وجہ سے وہاں منشیات، ڈپریشن اور خودکشی کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دین انسان کو مایوس نہیں بلکہ رب سے تعلق کو مضبوط کرنے اور امیدو خوشحالی کی نوید سناتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی عوام کے لیے پریشانی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ غریب کے لیے چند نوالے حاصل کرنے مشکل بنا دیے گئے۔ ہر روز خورودنوش کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سونامی نے قوم کا سکون چھیننے اور مشکلات میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں کیا۔ حکمران خوشحال اور غریب بدحال ہے۔ انھوں نے اپیل کی کہ آئندہ الیکشن میں عوام جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر ایک خوشحال اسلامی پاکستان کی بنیاد رکھیں، آزمائے ہوئے لوگوں کو بار بار آزمانا عقل مندی نہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 953177

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953177/قادیانی-سازشوں-کے-ذریعے-ختم-نبوت-خلاف-جال-بچھانے-میں-مصروف-ہیں-حافظ-محمد-ادریس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org