0
Saturday 11 Sep 2021 00:02

کرم کے قبائلی عمائدین کا لینڈ مافیا کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ

کرم کے قبائلی عمائدین کا لینڈ مافیا کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے قبائلی عمائدین نے لینڈ مافیا کے خلاف فوری کاروائی کروانے اور قبضہ گروپوں کو اپنی کاروائیوں سے روکنے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے اور عدالتی کارروائیوں میں تاخیر کو بلا جواز قرار دیا ہے۔ پاراچنار میں قبائلی عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے منیر سید میاں، منیجر محمد حبیب، ملک منور حسین، سید محمد اور دیگر قبائلی عمائدین نے کہا کہ ہماری جائیدادوں پر قبضہ گروپوں کی جانب سے ناجائز قبضہ کروانے کا سلسلہ جاری ہے، ڈیڑھ سال قبل ہم نے عدالت سے رجوع کیا، مگر ڈیڑھ سال کے دوران قبضہ گروپوں نے جدید مشینری کا استعمال کرتے ہوئے ہماری زمینوں پر ناجائز تعمیرات کا عمل جاری رکھا ہوا ہے اور عدالتیں کسی نتیجے پر نہیں پہنچی ہیں اور انصاف میں تاخیر کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات درپیش ہیں، مزید تاخیر سے بدامنی کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ ایم آئی ٹی اور پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرار ضلع کرم آ کر واقعے کے حوالے سے تحقیقات کریں اور انصاف میں تاخیر کا نوٹس لیا جائے، عمائدین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی جائیداد میں تعمیرات کی اجازت نہیں مل رہی جبکہ قبضہ گروپ کی جانب سے ہماری ملکیتی اراضی پر تعمیرات اور تجاوزات جاری ہیں۔ انہوں نے قبضہ گروپ کی کارروائیوں کے متاثرین کو فوری انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ انصاف نہ ملنے کی صورت میں وہ قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور ہونگے، رہنماؤں نے عدلیہ، متعلقہ اداروں اور قبائلی عمائدین سے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے اور قبضہ گروپوں سے کاروائیوں کو روکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 953209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش