QR CodeQR Code

لاہور میں حسب سابق اربعین پر لبیک یاحسینؑ واک کا اعلان

12 Sep 2021 19:00

اس موقع پر راستے میں عزاداروں کیلئے استقبالیہ کیمپس لگائے جائیں گے، جہاں ریسٹ ایریا اور کھانے پینے کی سہولت اور نماز ظہرین کا اہتمام کیا جائیگا۔ ایک واک ملتان روڈ علی رضا آباد سے شروع ہوگی جو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہوتی ہوئی براستہ ملتان روڈ، چوک یتم خانہ، چوبرجی سے ہوتی ہوئی ایم اے او کالج کے سامنے سے گزر کر سول سیکرٹریٹ اور پھر کربلا گامے شاہ پہنچے گی۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم ٹاون لاہور میں اربعین کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شیعہ نمائندہ جماعتوں کے رہنماء شریک ہوئے۔ اجلاس میں اربعین واک کے حوالے سے روٹس اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اربعین 20 صفر المظفر، 28 ستمبر، بروز منگل کے موقع پر لاہور شہر کے تمام اہم علاقوں سے عزادار خواتین، بچے، بوڑھے، مرد پیدل مارچ کرتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچیں گے۔

اس موقع پر راستے میں عزاداروں کیلئے استقبالیہ کیمپس لگائے جائیں گے، جہاں ریسٹ ایریا اور کھانے پینے کی سہولت اور نماز ظہرین کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایک واک ملتان روڈ علی رضا آباد سے شروع ہوگی، جو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہوتی ہوئی براستہ ملتان روڈ، چوک یتم خانہ، چوبرجی سے ہوتی ہوئی ایم اے او کالج کے سامنے سے گزر کر سول سیکرٹریٹ اور پھر کربلا گامے شاہ پہنچے گی۔ اس واک میں بند روڈ اور جعفریہ کالونی کے عزادار بھی شامل ہوں گے۔ اسی طرح رائیونڈ سے آنیوالی واک بھی اسی میں شامل ہو جائے گی۔

ادھر بیدیاں روڈ پر بھنگالی، کرباٹھ پنڈ سمیت نواحی علاقوں سے آنیوالی واک جوڑے پل سے ہوتی ہوئی دھرم پورہ، گڑھی شاہو، ریلوے سٹیشن سے سرکلر روڈ سے ہوتی ہوئی کربلا گامے شاہ پہنچے گی۔ مریدکے سے بھی قافلے کربلا گامے شاہ پہنچیں گے۔ مریدکے سے آنیوالی واک میں امامیہ کالونی، رانا ٹاون سمیت ملحقہ علاقوں کے عزادار شریک ہوں گے جبکہ شاہدرہ چوک میں جیا موسیٰ، کوٹ عبدالمالک اور نواحی علاقوں سے لوگ شریک ہوں گے۔ وسطی لاہور میں ماڈل ٹاون سے شروع ہونیوالی واک گلبرگ محمدی مسجد پہنچے گی، جہاں سے قومی مرکز پہچ کر نماز ظہرین ادا کی جائے گی اور اس کے بعد چائنہ چوک، مزنگ روڈ، ہائیکورٹ کی بیک سائیڈ سے ہوتی ہوئی اے جی آفس، پرانی انار کلی، سول سیکرٹریٹ سے کربلا گامے شاہ پہنچے گی۔

کاہنہ سے آنیوالی واک چونگی امر سدھو آئے گی، جہاں سے راستے میں دیگر علاقوں سے لوگ ملتے جائیں گے اور یہ واک براستہ فیروز پور روڈ کربلا گامے شاہ پہچے گی۔ واک کے راستوں میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے، جہاں شرکائے واک کا استقبال کیا جائے گا۔ شرکاء کیلئے لنگر کا بھی اہتمام ہوگا جبکہ ریسٹ ایریاز بھی بنائے جائیں گے۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے شرکائے واک کیلئے نماز ظہرین کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ واک کے راستوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 953252

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953252/لاہور-میں-حسب-سابق-اربعین-پر-لبیک-یاحسین-واک-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org