QR CodeQR Code

النصرالمبین آپریشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز، عظیم کامیابیاں حاصل ہوئیں، ترجمان یمن فوج

11 Sep 2021 21:33

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے خلاف النصرالمبین گرینڈ آپریشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی ہمیں عظیم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: "ہماری مسلح افواج نے خداوند متعال کی مدد سے النصرالمبین آپریشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے اور اب تک صوبہ مارب میں ماھلیہ اور رحبہ قصبوں کو دشمن کے قبضے سے آزاد کروا لیا گیا ہے۔ ہماری مسلح افواج نے رحبہ اور ماھلیہ کو آزاد کروانے کیلئے چند سمت سے پیشقدمی کی اور مقامی فورسز کے تعاون سے انہیں آزاد کروا لیا گیا ہے۔" یحیی سریع نے مزید کہا: "ہماری مسلح افواج نے آپریشن شروع ہونے کے ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی عظیم کامیابیاں حاصل کیں اور رحبہ کی جانب تیزی سے پیشقدمی کی۔ اس دوران جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ہماری پیشقدمی روکنے کیلئے 37 ہوائی حملے انجام دیے لیکن بے سود ثابت ہوئے۔ دشمن کے جنگی طیارے رحبہ اور ماھلیہ کو آزاد کروانے سے نہ روک سکے۔"
 
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران اب تک دشمن کے 150 فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں جبکہ کچھ تعداد میں قیدی بھی بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت ہی مختصر مدت میں رحبہ کو آزاد کروانے میں کامیاب ہو گئے۔ یحیی سریع نے بتایا: "رحبہ اور ماھلیہ میں 1200 مربع کلومیٹر علاقہ دشمن کے قبضے سے آزاد کروا لیا گیا ہے۔ ہم نے مقامی ذمہ داروں کے تعاون سے آزاد ہونے والے علاقوں میں امن و امان کے قیام کی کوشش کی ہے۔ ہم صوبہ مارب کی آزادی کیلئے مقامی ارب قبائل کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اپنی سرزمین کی آزادی اور خودمختاری کی راہ میں ہم سے تعاون کیا ہے۔ مارب کے باشندے اپنے ملک و قوم کے حامی ہیں اور قابض قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔" انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں حاصل ہونے والا مال غنیمت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ہماری فورسز جبل مراد کی جانب پیشقدمی کر رہی ہیں۔ ہم ملک دشمن قوتوں کے خلاف جہاد جاری رکھیں گے اور عظیم امت مسلمہ کے مددگار ثابت ہوں گے۔
 
یحیی سریع نے بتایا: "مارب کے باشندے اور حریت پسند قبائل جارح قوتوں اور ان کے غدار ایجنٹوں کے خلاف جہاد میں ذرہ برابر شک و تردید کا شکار نہیں ہوں گے۔ ہماری مسلح افواج بھی عبدالملک الحوثی کے احکامات جاری کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ہم پورے یمن کو آزاد کروائیں گے اور جارح سعودی اتحاد کے قبضے میں اپنی تمام سرزمینیں واپس لے کر چھوڑیں گے۔ ہم اپنے ملک کی آزادی اور خودمختاری کی ضمانت فراہم کریں گے اور بیرونی قوتوں کی سرپرستی قبول نہیں کریں گے۔ ہماری مسلح افواج نے یمن کی تمام سرزمین آزاد کروانے کا عزم راسخ کر رکھا ہے اور اپنی قوم کی آزادی اور سربلندی کیلئے ہر اقدام انجام دینے کی قسم کھا رکھی ہے۔"


خبر کا کوڈ: 953369

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953369/النصرالمبین-آپریشن-کے-تیسرے-مرحلے-کا-آغاز-عظیم-کامیابیاں-حاصل-ہوئیں-ترجمان-یمن-فوج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org