QR CodeQR Code

 استعماری طاقتوں کا غرور ٹوٹ گیا، افغانستان میں طالبان نے پورے افغانستان پر کنٹرول حاصل کر لیا، لیاقت بلوچ 

11 Sep 2021 22:45

منصورہ سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے امریکی جارحیت اور ظلم کا ساتھ دینے کے لئے فوجی آمر جنرل پرویز مشرف نے یکطرفہ طور پر سرنڈر کیا، پاکستان کی امریکی یورپی بھارتی دوست لابی نے جی بھر کر ذلت آمیزپالیسی کا ساتھ دیا، فوجی آمر کا فیصلہ سرا سر گھاٹے کا کام تھا۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی قائمہ کمیٹی سیاسی انتخابی پارلیمانی وقومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے نائن الیون کے سانحہ کے بعد امریکہ اور پوری دنیا کی جارحانہ حکمت عملی کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو دہشت گردی، بدامنی کا مرکز بنا دیا گیا۔ حالات نے ثابت کیا کہ امریکی حکمت کاروں کی حکمت عملی انسانوں، آزاد قومی اور عالمی معیشت کے لئے تباہ کن ثابت ہوئی۔ امریکہ اپنی ساکھ کھو بیٹھا ہے اور دنیا میں یونی پولر فلسفہ خاک میں مِل گیا ہے۔ اب انسانوں پر دھن، دھونس، طاقت اوردہشت و وحشت کی حکمرانی نہیں چل سکتی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ نائن الیون کے امریکی جارحیت اور ظلم کا ساتھ دینے کے لئے فوجی آمر جنرل پرویز مشرف نے یکطرفہ طور پر سرنڈر کیا، پاکستان کی امریکی یورپی بھارتی دوست لابی نے جی بھر کر ذلت آمیزپالیسی کا ساتھ دیا۔ فوجی آمر کا فیصلہ سرا سر گھاٹے کا کام تھا۔ پاکستان کی سلامتی، جغرافیائی اور نظریاتی تہذیبی قدروں کو بڑا نقصان پہنچا۔ عملا پاکستان عالمی برادری میں ناقابل اعتماد ملک بنا دیا گیا۔ 20 سالہ بے مقصد انسان دشمن جنگ میں افغان عوام فاتح اور امریکہ نیٹو فورسز بھی رسوا ہو گئی اور فوجی آمر پرویز مشرف بھی رسوائی کے بوجھ میں غرق ہو گئے۔

 لیاقت بلوچ نے کہا کہ نائن الیون کے بعد افغان عوام، طالبان اور بیرونی جارحیت کے مقابلے میں مزاحمت کار فتح مند ہوئے۔ استعماری طاقتوں کا غرور ٹوٹ گیا، افغانستان میں طالبان نے پورے افغانستان پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ تمام سازشیں اور مزاحمت کے منصوبے ایک ایک کر کے ناکام ہوتے گئے۔ طالبان کے لئے اب پہلے سے زیادہ بڑا امتحان اور آزمائش ہے۔ پرامن، مستحکم اور مضبوط معیشت والا افغانستان ہی افغان عوام اور خطے کی ضرورت ہے۔پاکستان کی عوام افغان عوام کے ساتھ ہے، حکومت افغانستان کی صورتحال پر گھبراہٹ، منافقت اور سردوزیاں کی حکمت عملی کے بجائے دلیرانہ، مدابرانہ اور بروقت اقدامات کریں۔ افغانستان میں طالبان کی فتح اور حکومت کو تسلیم کیا جائے۔ وقت گزارنا، حالات کو ٹالنا امریکہ، بھارت اور یورپ کے لئے مفید لیکن خارجہ محاذ پر تاخیری اور بذدلانہ حربے پاکستان کیلیے تباہ کن ہوں گے۔ افغان صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کے حالات پر حکومت اور پارلیمنٹ نے عوام کو مایوس کیا ہے۔


 


خبر کا کوڈ: 953377

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953377/استعماری-طاقتوں-کا-غرور-ٹوٹ-گیا-افغانستان-میں-طالبان-نے-پورے-پر-کنٹرول-حاصل-کر-لیا-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org