0
Saturday 11 Sep 2021 23:22
عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، سلیکٹڈ کو بھگا دیں گے

میرے دورہ جنوبی پنجاب سے بنی گالہ کو تکلیف ہورہی ہے، جیالوں کو دیکھ کر بنی گالہ کی چیخیں نکل رہی ہیں، بلاول بھٹو 

میرے دورہ جنوبی پنجاب سے بنی گالہ کو تکلیف ہورہی ہے، جیالوں کو دیکھ کر بنی گالہ کی چیخیں نکل رہی ہیں، بلاول بھٹو 
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب دوبارہ بیس ہزار ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے۔ ان 20ہزار ملازمین کو نکالنا پارلیمنٹ پر ڈاکہ ہے۔ پارلیمنٹ سپریم ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز ٹھائیں گے اور عدالت میں بھی جائیں گے۔ لوگوں کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے روزگار دیا تھا۔ نوازشریف نے انہیں روزگار سے محروم کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے ان ملازمین کو دوبارہ بحال کیا۔ اب انہیں دوبارہ بیروزگار کر دیا گیا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں یہ جو وزیر ہمارے الیکشن کمیشن کو گالی دے رہا جو زبردستی اختیار چھیننا چاہتے ہیں، ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ اپنے اختیارات جو کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن مضبوط بنانے کے لئے دلوائے آپ اپنا اختیار استعمال کریں۔ نااہل کرو ہر وہ شخص جنہوں نے ہمارے الیکشن کمیشن پر حملہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کروڑ لعل عیسن میں اپنے خطاب میں پی پی پی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو تخت لاہور اور سلیکٹڈ راج نہیں چاہیے۔ عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، سلیکٹڈ کو بھگا دیں گے۔ 

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج لیہ کے عوام نے میرا دل جیت لیا ہے۔ جتنا باہر جلسہ ہے اتنا ہی اندر جلسہ ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آپ لوگوں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا، آپ نے بی بی شہید کا ساتھ دیا، آپ نے مرد حر آصف علی زرداری کا ساتھ دیا، اب ہمارا تین نسلوں کا ساتھ ہے۔ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالوں کا شکرگزار ہوں۔ ہم آج مل کر وہ جو منشور جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا تھا جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سکھایا تھا جو غریبوں کا منشور ہے، کسان کا منشور ہے انشااللہ تعالی ہم مل کر اس پر عمل کریں گے۔ میں شکرگزار ہوں سردار بہادر خان کا کہ انہوں نے ہمیں دعوت دی لیہ بلایا، ہمارے لئے جلسہ رکھا اور اعلان کیا ہے کہ وہ پھر سے پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ بن رہے ہیں، اس کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اب انشااللہ تعالی ہم ساتھ مل کر مزید طاقت پکڑیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم ساتھ مل کر مستقبل میں لیہ کے عوام کی خدمت کریں گے۔ ساتھیوں ہم کچھ دنوں سے پورے وسیب کا دورے پر ہیں، ہم ملتان سے شروع ہوئے، ڈی جی خان پہنچے، ڈی جی خان کے جلسے کے بعد ہم وہاڑی پہنچے، وہاڑی کے بعد ہم لودھراں پہنچے، لودھراں کے بعد دو دن رحیم یار خان میں رہے اور رحیم یارخان کے بعد ہم آپ کے پاس آئے ہیں، لیہ پہنچے ہیں۔ اور ہمارا یہ جو مختصر دورہ تھا اس سے بنی گالہ کو تکلیف ہورہی ہے، جیالوں کو دیکھ کر بنی گالہ کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر بنی گالہ خوش نہیں تو ہمارے کچھ دوست بھی خوش نہیں، کہ پیپلزپارٹی کیا کر رہی ہے۔ جہاں ہمارے دوست میدان چھوڑ چکے ہیں، ہمارے اتحادی پنجاب میں عمران کو فری ہینڈ دیا ہے وہاں پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے وسیب کے عوام کو پنجاب کے عوام لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔ اس صوبے کے عوام کے ساتھ اس خطے کے عوام کے ساتھ، اس سرزمین کے عوام کے ساتھ تاریخی ظلم ہو رہا ہے۔ آپ تاریخی مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہو، تاریخی غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کر رہے ہو۔

 انہوں نے کہا کہ ہر دن ایک نیا معاشی بم پھٹتا ہے، کبھی وہ تیل کی قیمت میں اضافہ کرتے ہیں، پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کرتے ہیں، پھر گیس کی قیمت میں اضافہ کرتے ہیں، ٹیکسز کا طوفان کھڑا کر دیتے ہیں، یوریا کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، آپ کا یہ ٹیوب ویل ہے اس کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، ہمارے وسیب کے عوام پریشان ہیں۔ اور میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ وہ ترس رہے ہیں۔ عوامی حکومت کے لئے ترس رہے ہیں۔ قائد عوام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی، جیالوں کی حکومت کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے بہت مشکل وقت گزارا ہے، انہوں نے پہلے تخت رائے ونڈ کا راج برداشت کیا، آج وہ سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 953385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش