0
Sunday 12 Sep 2021 00:17

بلاول بھٹو زرداری کا دورہ لیہ، جگہ جگہ استقبال، روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے

بلاول بھٹو زرداری کا دورہ لیہ، جگہ جگہ استقبال، روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ملتان سے ہیڈ محمد والا روڈ پر اڈا پٹھان ہوٹل کے قریب پہنچے تو ہزاروں کی تعداد میں عوام نے ان کا استقبال کیا اور فضا وزیراعظم بلاول کے نعروں سے گونج اٹھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوام کے استقبال کا خیرمقدم کرنے کے لئے گاڑی سے باہر آئے تو انہیں روایتی پگڑی پہنائی گئی اور پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کرنے کے لئے خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ مظفرگڑھ میں کوٹ ادو کے قریب چوک سرور شہید پہنچنے پر بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بے مثال استقبال کیا گیا۔ حد نگاہ تک عوام ہی عوام نظر آئے جو بلاول بھٹو زرداری کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔ اس طرح ریاض آباد آمد کے موقع پر سڑک کے دونوں اطراف کئی کلومیٹر تک عوام کی قطاریں تھیں۔ عوام کے جذبات دیکھ کر چیئرمین پیپلزپارٹی گاڑی سے باہر آگئے اور خیرمقدم کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس طرح لیہ پہنچنے پر چوک اعظم کے مقام پر بھی عوام کی بہت بڑی تعداد نے چیئرمین پیپلزپارٹی کا شاندار استقبال کیا۔ چوک اعظم پر مختصر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کا شکریہ ادا کیا اور فضا بلاول بلاول کے نعروں سے گونج اٹھی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ لیہ پہنچنے پر انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ میں اپنے دوستوں اور حامیوں کے درمیان موجود ہوں۔ آپ کا جوش و جذبہ دیکھ کر تختہ رائے ونڈ ہو یا تخت بنی گالہ دونوں گھبرا رہے ہیں کہ پنجاب کی سرزمین پر وسیب کی سرزمین پر بھٹو زندہ ہے، بی بی زندہ ہے۔ پیپلزپارٹی کے جیالے زندہ ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے بہادر خان سیہڑ کا شکریہ ادا کیا جس نے پیپلزپارٹی جائن کی۔ فتح پور پہنچ کر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردری کا تاریخی استقبال کیا گیا۔ فضا جئے بھٹو، جئے بینظیر اور وزیراعظم بلاول سے گونج اٹھی۔

فتح پور کے مقام پر خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد بلاول بھٹو زرداری کے استقبال کے لئے موجود تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری عوام کی محبت اور جذبات دیکھ کر گاڑی سے باہر نکل آئے اور انہوں نے خطاب کیا۔ انہوں نے یہاں بھی مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام کا جوش و جذبہ بتا رہا ہے کہ یہاں کے عوام سلیکٹڈ کو بھگانے کے لئے بالکل تیار ہیں۔ میں یہاں کی خواتین کو سلام پیش کرتا ہوںجنہوں نے جلسے میں آکر میرا استقبال کیا۔ میں آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ اپنی تیاری شروع کریں اور جدوجہد تیزکریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زداری کا کروڑ لعل عیسن پہنچنے پر منفرد انداز میں استقبال کیا گیا۔ سڑک کے دونوں اطراف لوگ پیپلزپارٹی کا پرچم تھامے گھوڑوں پر سوار کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ کروڑ لعل عیسن میں سیہڑ ہاوس میں شہید رزاق جھرنا جنہیں ضیاء کی آمریت کے دوران پھانسی دے دی گئی تھی کے بھائی مشتاق جھرنا نے چیئرمین پیپلزپارٹی سے ملاقات کی۔
خبر کا کوڈ : 953394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش