QR CodeQR Code

مودی حکومت صرف امیروں کیلئے کام کر رہی ہے، ڈاکٹر سید ذیشان

12 Sep 2021 15:37

مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہوئی ہے لیکن مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہم ہندوستانیوں کو اسکا فائدہ نہیں دے رہی ہے جس کیوجہ سے عام لوگ بری طرح پریشان ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ریاست مہاراشٹر میں کانگریس کے سکریٹری ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے کہا کہ بھارت کی مودی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و صحت کے شعبہ جات کی حالت بھی بد سے بدتر ہے، مرکز میں بھرتیاں روک کر لاکھوں خالی آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے، اسی کے ساتھ ساتھ پبلک سیکٹر ریلوں، بینکوں، انشورنس، ہوائی اڈوں کی بھی تیز رفتاری سے نجکاری کی جا رہی ہے، ملازمت ختم ہوگئی ہے اور پرائیویٹ کانٹریکٹر لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپیہ کما رہے ہیں اور عام آدمی جسے پہلے سرکاری نوکری مل جاتی تھی اس کا مستقبل محفوظ ہو جاتا تھا۔ ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے کہا کہ آج کانٹریکٹروں کے ہاتھوں چند پیسوں میں کام کرنے پر مجبور ہے اور اس کا پورا فائدہ کانٹریکٹر اٹھا رہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس عوام مخالف حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں۔

آج مہاراشٹر میں ایک ویڈیو کانفرنسنگ میں ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے پارٹی کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت پر عوام مخالف فیصلے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت صرف امیروں کے لئے کام کر رہی ہے، جبکہ غریب عوام کو ٹھیک طرح سے ایک وقت کا کھانہ بھی نصیب نہیں ہو رہا ہے اور جب 2014ء میں اچھے دن آئیں گے کا نعرہ دے کر مودی حکومت اقتدار میں آئی تھی اور 100 دن میں مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ سات سال بعد بھی پورا نہیں ہوا۔

ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل پر بار بار ٹیکس میں اضافہ کر کے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ کووڈ 19 کا دور چل رہا ہے، لوگوں کی روزی روٹی چلی گئی ہے لوگوں کو کھانا نہیں مل رہا ہے اور مودی حکومت بڑے سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے مہنگائی میں اضافہ کرتی چلی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہوئی ہے لیکن مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہم ہندوستانیوں کو اس کا فائدہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگ بری طرح پریشان ہیں۔

ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے مزید کہا کہ جب ملک معاشی تنگی کا شکار ہے اور عوام کی قوت خرید سب سے کم سطح پر آگئی ہے اور روزی روزگار میں بے تحاشہ کمی ہوئی ہے ایسے میں مودی حکومت مہنگائی کو بڑھا کر غریب عوام کو مارنے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے امبانی برادران کو مرکز کی جانب سے مالی فائدہ دلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انل امبانی کو لڑاکو جہاز رافیل کا پورا کانٹریکٹ دے دیا گیا جس میں ہزاروں کروڑ روپیہ کا مالی خرد برد ہوا ہے اور کانگریس پارٹی نے مطالبہ بھی کیا تھا کہ رافیل گھوٹالے کا معاملہ سامنے لایا جائے اور جو مالی خرد برد ہوئی ہے اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے لیکن دو سال سے بھی زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے اور مودی حکومت نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔


خبر کا کوڈ: 953436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953436/مودی-حکومت-صرف-امیروں-کیلئے-کام-کر-رہی-ہے-ڈاکٹر-سید-ذیشان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org