0
Sunday 12 Sep 2021 12:43

گلگت بلتستان میں مذہبی ہم آہنگی اور امن کے قیام کیلئے پارلیمانی امن کمیٹی قائم

گلگت بلتستان میں مذہبی ہم آہنگی اور امن کے قیام کیلئے پارلیمانی امن کمیٹی قائم
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور امن کے قیام کیلئے پارلیمانی امن کمیٹی قائم کر دی گئی۔ کمیٹی صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی پر مشتمل ہوگی۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے امن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں سینئر وزیر کرنل (ر) عبید اللہ بیگ، وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی فتح اللہ خان، مشیر قانون سید سہیل عباس شاہ، وزیر خزانہ جاوید علی منوا، وزیر صحت حاجی گلبر خان، وزیر تعلیم راجہ اعظم خان، وزیر سیاحت ناصر علی خان، وزیر بلدیات عبد الحمید و ممبران اسمبلی غلام محمد اور انجینئر محمد انور شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پارلیمانی کمیٹی خطے میں مذہبی، سماجی امن اور سکون کیلئے مدد کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی مساجد ایکٹ 2012ء کے تحت مساجد بورڈز کے ارکان کے ناموں کی سفارش کرے گی اور مختلف فرقوں کے درمیان مذہبی ہم آہنگی، سماجی امن اور سکون کی بحالی کیلئے روڈ میپ تیار کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی حکومت کو خطے میں امن و امان کی صورتحال کو بگڑنے سے روکنے کیلئے مشورے دے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کو مذہبی اور سماجی ہم آہنگی کیلئے علماء، تمام فرقوں اور گروپس کے نامور افراد کے ساتھ باقاعدہ ملاقاتیں کرنے کا بھی اختیار ہو گا تا کہ دیرپا امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام فریقین سے مکمل حمایت حاصل ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 953443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش