QR CodeQR Code

جماعت اسلامی سندھ کا اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمر توڑ اضافہ پر اظہار تشویش

12 Sep 2021 22:42

اپنے مشترکہ بیان میں صوبائی نائب قیمین نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، ناانصافیوں اور محرومیوں کا شکار ہے، اب ملک بھر میں قائم محدود یوٹیلیٹی اسٹورز میں عوام سے معمولی سہولت کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب قیمین نے عوامی احتجاج کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، کوکنگ آئل سمیت مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمر توڑ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی دعوؤں کی نفی اور عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننے کی کوشش قرار دیا ہے۔ صوبائی نائب قیمین عبدالوحید قریشی، عبدالحفیظ بجارانی، نواب مجاہد بلوچ، افضال صدیق، مولانا عبدالقدوس احمدانی، مولانا حزب اللہ جکھرو اور حافظ طاہر مجید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گھی کی قیمتوں میں 96 روپے فی کلو اور کوکنگ آئل 97 روپے تک فی لٹر مہنگا کرنا عوام کی زندگی تنگ کرنے کے مترادف ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، ناانصافیوں اور محرومیوں کا شکار ہے، اب ملک بھر میں قائم محدود یوٹیلیٹی اسٹورز میں عوام سے معمولی سہولت کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔

نائب قیمین نے کہا کہ تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں نے اپنے انتخابی مہم کے دوران مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور کرپشن ختم کرکے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کئے تھے، مگر موجودہ پی ٹی آئی حکومت کو تین سال گذر جانے کے باوجود کوئی ریلیف تو نہیں دیا لیکن مزید ٹیکس و مہنگائی سے عوام کی زندگی تنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی حالت پر رحم اور قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرکے مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند قیمتوں پر کنٹرول کیلئے مؤثر اقدامات کرے، تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔


خبر کا کوڈ: 953499

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953499/جماعت-اسلامی-سندھ-کا-اشیائے-خوردونوش-کی-قیمتوں-میں-کمر-توڑ-اضافہ-پر-اظہار-تشویش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org