0
Sunday 12 Sep 2021 23:08

کراچی سے ایم کیو ایم کا مکمل اور پی ٹی آئی کا آدھا صفایا ہوگیا ہے، نعیم الرحمان

کراچی سے ایم کیو ایم کا مکمل اور پی ٹی آئی کا آدھا صفایا ہوگیا ہے، نعیم الرحمان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کی شاندار انتخابی پیش رفت پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی نہ صرف جاگ رہا ہے بلکہ اپنی اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، آئندہ بلدیاتی انتخاب ہمارا ہوگا، جماعت اسلامی نے 6 نشستوں پر بھرپور کامیابی جبکہ 8 نشستوں پر معمولی فرق سے دوسری پوزیشن پر رہی جب کہ وائس چیئرمین کے انتخابات میں جماعت اسلامی اہم اور کلیدی کردار ادا کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کارکنان جماعت اسلامی کو دن رات محنت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود آج عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ وہ وفاقی و سندھ حکومت کی نااہلی سے بے زار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کی تمام اہم نشستوں پر اول یا دوم پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ہمارا مقابلہ حکمران جماعتوں سے تھا، اہل کراچی نے جماعت اسلامی پر اعتماد کرکے حکمران جماعتوں پر عدم اعتماد کردیا ہے، شہر سے ایم کیو ایم کا مکمل اور پی ٹی آئی کا آدھا صفایا ہوگیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی کی جتنی بھی کامیابی ہے وہ سب مضافاتی یا لسانی کامیابی ہے کیونکہ وہاں کے لوگ جبرکا شکار ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کسی نے کراچی کے عوام کے مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں جیتنے والے جماعت اسلامی کے نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل عوام کی خدمت کریں گے اور کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کریں گے، ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی کے دور میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں، موجودہ منتخب امیدوار بھی کراچی کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 953503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش