QR CodeQR Code

افغانستان سے ہجوم اور افراتفری میں 200 بچے والدین کے بغیر قطر پہنچ گئے

13 Sep 2021 00:54

ان بچوں کے والدین یا سرپرست کا کچھ پتہ نہیں ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا ہے کہ یہ بچے کس طرح طیاروں تک پہنچے اور سفر کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان بچوں میں 8 سے 17 سال کی عمر کے بچے ہیں جنھیں دوحہ میں چیریٹی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان سے آنے والی پروازوں میں والدین یا سرپرست کے بغیر 200 بچے بھی قطر پہنچ گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے افغانستان کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے لاکھوں شہریوں کو براہ راست امریکا یا برطانیہ جب کہ قطر اور متحدہ عرب امارات میں ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے منتقل کیا جا چکا ہے۔ تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ افغانستان سے آنے والوں میں 200 ایسے بچے بھی شامل ہیں جن کے والدین یا سرپرست کا کچھ پتہ نہیں ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا ہے کہ یہ بچے کس طرح طیاروں تک پہنچے اور سفر کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان بچوں میں 8 سے 17 سال کی عمر کے بچے ہیں جنھیں دوحہ میں چیریٹی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے۔ یہ تمام بچے صدمے کی حالت میں ہیں اور ابھی تک کربناک صورت حال کا سامنا کرنے کو تیار نہیں۔ دوحہ میں امریکی حکام نے بچوں کی قطر آمد سے متعلق سوالوں کے جوابات دینے سے گریز کیا تاہم کابل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی انجام دینے والے ایک فرانسیسی پولیس افسر نے ’’اے ایف پی‘‘ کو بتایا کہ ایک خاتون نے اپنے بچے کو فرانسیسی اسپیشل فورسز کی جانب پھینکا جسے ہم نے امریکی طبی عملے کے حوالے کیا گیا تھا۔

فرانسیسی پولیس افسر نے مزید بتایا کہ اس بچے کو طبی امداد دی گئی تاہم اس کی ماں ہجوم میں کہیں کھو گئی اس لیے بچے کو دوحہ بھیج دیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک آدمی 3 بچوں کے ساتھ ایئرپورٹ کے دروازے پر آیا اور ان کی مدد سے اندر آگیا لیکن وہ بچے اس کے نہیں بلکہ یتیم تھے۔ اس طرح ان 3 بچوں کو بھی سرپرست کے بغیر دوحہ لایا گیا۔ ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ شدید بد انتظامی، ہجوم اور افراتفری کی وجہ سے یہ بچے اپنے والدین یا سرپرستوں سے ایئرپورٹ کے اندر بچھڑ گئے تھے اور کوئی وارث نہ ملنے پر جلد بازی میں ان بچوں کو طیاروں میں بٹھا دیا گیا۔ یونیسیف کی ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ جن کے والدین یا سرپرست کھو جائیں وہ دنیا کے کمزور ترین بچے ہوتے ہیں۔ دوحہ پہنچنے والے بچے ابھی صدمے سے نڈھال اور انتہائی مایوس ہیں جب کہ ان کے والدین یا سرپرستوں کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 953511

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953511/افغانستان-سے-ہجوم-اور-افراتفری-میں-200-بچے-والدین-کے-بغیر-قطر-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org