QR CodeQR Code

پاکستان میں فرقہ وارانہ فضا بنانے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، شیخ رشید

13 Sep 2021 01:05

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کیساتھ امن و امان کی بات کریگا، ہم نے امن کی خاطر طالبان کو امریکا کیساتھ بٹھایا، پاکستان نے آٹھ سے دس ہزار افراد کو افغانستان سے نکال کر دوسرے ممالک تک پہنچایا، کل دنیا کے 8 انٹیلی جنس چیف پاکستان آئے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فضا بنائی جا رہی ہے، جس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کی دلچسپی صرف امن و استحکام ہے، پاکستان دنیا کے ساتھ امن و امان کی بات کرے گا، ہم نے امن کی خاطر طالبان کو امریکا کے ساتھ بٹھایا، پاکستان نے آٹھ سے دس ہزار افراد کو افغانستان سے نکال کر دوسرے ممالک تک پہنچایا، کل دنیا کے 8 انٹیلی جنس چیف پاکستان آئے، بھارت میں صف ماتم بچھا ہوا ہے۔ بھاتی میڈیا جھوٹ اگل رہا ہے اور چیخ چیخ کر پاکستان پر پابندیاں لگانے کی بات کر رہا ہے، مودی پنج شیر کی من گھرت کہانیاں چلا رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان کے اکاؤنٹس منجمد کرنا کوئی دانشمندی نہیں، دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ افغانستان کے اکاؤنٹ بحال کئے جائیں، پاکستان نے افغان سرحد پر باڑ اس لیے لگائی تاکہ دہشت گردی نہ ہو، پورے پاکستان میں کہیں افغان مہاجر کیمپ نہیں، جو لوگ چوری چھپے پاکستان آئے تھے، انہیں اسی راستے واپس بھجوا دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فضا بنائی جا رہی ہے، جس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق الیکشن کمیشن کے تحفظات دور کئے جائیں گے، اپوزیشن جماعتیں ہمارے خلاف نہیں بلکہ الیکشن مہم پر ہیں۔


خبر کا کوڈ: 953512

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/953512/پاکستان-میں-فرقہ-وارانہ-فضا-بنانے-بیرونی-ہاتھ-ملوث-ہے-شیخ-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org