QR CodeQR Code

قذافی اقتدار کی منتقلی پر تیار، عرب لیگ کا اقوام متحدہ سے لیبیا کے منجمد اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ

29 Aug 2011 13:54

اسلام ٹائمز: قذافی مخالفین نے دار الحکومت سمیت زیادہ تر علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی مقامات پر لڑائی جاری ہے۔ سرت کے کنٹرول کے لئے مذاکرات ناکام ہوئے تو طاقت استعمال کرینگے۔ ملک میں ایندھن، خوراک اور طبی سامان کی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے


طرابلس:اسلام ٹائمز۔ لیبیا کے رہنما کرنل قذافی اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے بات چیت پر رضامند ہوگئے ہیں۔ قذافی کے ایک ترجمان کے مطابق وہ اقتدار کی منتقلی پر بات چیت شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مذاکرات کی قیادت قذافی کے بیٹے سعدی کرینگے جبکہ دوسری طرف قذافی مخالفین نے دار الحکومت سمیت زیادہ تر علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی مقامات پر لڑائی جاری ہے۔ سرت کے کنٹرول کے لئے مذاکرات ناکام ہوئے تو طاقت استعمال کرینگے۔ ملک میں ایندھن، خوراک اور طبی سامان کی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری فوج کی جانب سے پانی کو زہرآلود کرنے کے خدشے کے پیش نظر دارالحکومت کو تیل اور پانی کی ترسیل شروع کر دی گئی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق معمر قذافی لیبیا سے فرار ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب طرابلس میں درجنوں نوجوان، بوڑھے اور بچوں نے رضاکارانہ طور پر حکومت مخالفین کو سحری اور افطار میں کھانا انکے مورچوں پر پہنچانا شروع کردیا ہے۔ ادھر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ لیبیا کے رہنما کرنل قذافی کے محافظوں نے قیدی بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف قیدیوں اور طرابلس میں تصادم سے بچ جانیوالوں کے انٹرویو کے دوران دو بچوں نے بتایا کہ محافظوں کی جانب سے انکو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ ادھر عرب لیگ نے مصر میں گذشتہ روز ہونیوالے ہنگامی اجلاس میں اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ لیبیا کے منجمد اثاثے بحال کردے۔ معمر قذافی اقتدار سے بے دخل ہو چکے ہیں، لہذا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لیبیا کی نشست قومی عبوری کونسل کو دی جائے۔ جبکہ اے ایف پی کے مطابق قذافی مخالفین نے دعویٰ کیا ہے کہ قذافی کے بیٹے خمس جس کی متعدد بار ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئیں وہ گزشتہ روز لڑائی میں مارا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 95360

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/95360/قذافی-اقتدار-کی-منتقلی-پر-تیار-عرب-لیگ-کا-اقوام-متحدہ-سے-لیبیا-کے-منجمد-اثاثے-بحال-کرنے-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org